امریکہ کے وفاقی حکام نے دارالحکومت واشنگٹن میں واقع امریکی کانگریس کی عمارت کے نزدیک سے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
کیپٹل پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کے ساتھ "ایک طویل اور وسیع کاروائی" کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی ہے جس کے دوران حراست میں لیے گئے شخص کی "قریب اور انتہائی احتیاط" سے نگرانی کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے شخص سے عوام اور اراکینِ کانگریس کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔
تاہم، یہ نہیں بتایا گیا کہ گرفتاری کس سلسلے میں عمل میں لائی گئی ہے اور نہ ہی حکام نے اس ضمن میں مزید تفصیلات بتائی ہیں۔