رسائی کے لنکس

سرگرم کارکنوں کے خلاف بلاجواز تحقیقات کی گئیں: ایف بی آئی


سرگرم کارکنوں کے خلاف بلاجواز تحقیقات کی گئیں: ایف بی آئی
سرگرم کارکنوں کے خلاف بلاجواز تحقیقات کی گئیں: ایف بی آئی

ایک اندورنی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکہ پر 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کے بعد ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے کئی مقامی سیاسی تنظیموں کی غیر ضروری نگرانی کی۔

پیر کے روز ایف بی آئی کے انسپکٹرجنرل گلین فین کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمے کے ایجنٹوں نے غیر مناسب طورپر گرین پیس اور جانوروں کے حقوق سے متعلق ایک تنظیم کے خلاف تحقیقات کیں۔ انسپکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ایجنسی کی تحقیقات کی بنیاد کمزور یا ایسی معلومات پر تھیں جن کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں تھا۔

ان تحقیقات میں سے ایک امن کے لیے کام کرنے والی پٹس برگ کی ایک مقامی تنظیم تھامس میرٹن سینٹر کے خلاف تھی جس نے 2002ء میں وہاں جنگ کے خلاف ایک ریلی کا اہتمام کیا تھا۔ ایف بی آئی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ ریلی میں ایک مشتبہ دہشت گرد کو ڈھونڈ رہےتھے۔ 2006ء میں کانگریس کے ایک پینل کے سامنے اس معاملے کی سماعت کے دوران ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ ملر نے اس دعویٰ کو ایک جواز کے طورپر پیش کیا تھا۔

تاہم انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ان کے بیانات سچائی پر مبنی نہیں تھے اور ریلی کے خلاف ایجنٹوں کی کارروائی بلاجواز تھی۔

امریکہ میں آزادیوں کی حامی تنظیموں اور ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے ارکان یہ الزام لگاتے ہیں کہ ایف بی آئی نے یہ تحقیقات اس لیے شروع کیں تھیں کیونکہ ان تنظیموں نے سابق صدر جارج ڈبلیو بش کی کھلم کھلا مخالفت کی تھی، خاص طورپر عراق جنگ کے حوالے سے ۔

لیکن انسپکٹر جنرل فین کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے ان گروپوں کے خلاف دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر تحقیقات کی تھیں ، نہ کہ آزادی اظہار کی سرگرمیوں کے خلاف جنہیں امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے تحفظ حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG