پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے، ’ایف آئی اے‘ لاہور نے جعلی چیئرمین نیب گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے پنجاب کے سائبر کرائم سرکل لاہور نے بتایا ہے کہ ملزم سرکاری افسران کو بلیک میل کیا کرتا تھا۔
کیس کے تفتیشی افسر، عاشر آرون نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’'ملزم بشارت عزیز کو چھاپے کے دوران ساہیوال کے علاقے فتح شیر کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے'‘۔
عاشر آرون کے مطابق ملزم ’'بشارت عزیز مخلتف سرکاری محکموں کے افسران کو جعلی چیئرمین نیب بن کر بلیک میل کرتا تھا اور اس مقصد کے لیے اس نے حکومت پاکستان کی ڈومین استعمال کرکے چیئرمین نیب کا سرکاری اکاؤنٹ ہیک کیا اور وہ ای میل اکاؤنٹ chairman@nab.gov.pk
استعمال کرتا تھا۔
ایف آئی اے کے اہل کار نے بتایا کہ ’'بشارت عزیز کے خلاف کارروائی نیب اسلام آباد کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے، جسے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے‘'۔
عاشر آرون نے بتایا کہ ’'بشارت عزیز انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ماہر ہے، جس نے مختلف اکاؤنٹ بھی بنا رکھے تھے جو ڈائریکٹر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سمیت مختلف سرکاری افسروں کو بلیک میل کرکے ان سے رقوم کا تقاضا کرتا تھا‘'۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے کہ بشارت عزیز اکیلے کارروائی کرتا تھا یا گروپ بنا کر سرکاری افسروں کو بلیک میل کیا کرتا تھا۔