رسائی کے لنکس

تحفظات کے باوجود امریکہ سے روابط اولین ترجیح: یورپی راہنما


جرمن چانسلر مالٹا میں منعقدہ کانفرنس میں شریک
جرمن چانسلر مالٹا میں منعقدہ کانفرنس میں شریک

فرانس کے صدر فرانسواں اولاں نے امریکہ سے تعلقات میں پیش رفت سے قبل یورپ کی یکجہتی پر زور دیا۔

یورپ کے راہنماؤں نے جہاں ایک طرف امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بعض پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے وہیں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ روابط ان کی اب بھی اعلیٰ ترین ترجیح ہے۔

مالٹا میں یورپی یونین کی ایک کانفرنس کی میزبانی کرنے والے وزیراعظم جوزف مسکیٹ کا کہنا تھا کہ " ظاہر ہے نئی امریکی انتظامیہ کے بعد فیصلوں اور اس انتظامیہ کی طرف سے اپنائے گئے بعض رویوں پر 28 رکنی یورپی یونین کے تحفظات تھے۔"

تاہم ان کا کہنا تھا کہ "اس کے باوجود امریکہ مخالف احساسات نہیں ہیں، (یورپی یونین) کا ایسا خیال ہے کہ ہمیں امریکہ سے ساتھ ربط کی ضرورت ہے، لیکن جہاں ضرورت ہو ہمیں یہ بھی بتانے کی ضرورت ہے کہ جہاں بات اصولوں کی ہو گی ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔"

یورپین کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اب بھی امریکہ کے ساتھ بین البحرالکاہل تعلقات کو ترجیح کے طور پر دیکھتا ہے۔

ڈونلڈ ٹسک صحافیوں سے محو گفتگو
ڈونلڈ ٹسک صحافیوں سے محو گفتگو

صحافیوں سے گفتگو میں ٹسک کا کہنا تھا کہ "مجھے کوئی شک و شبہ نہیں کہ ہم سب کے لیے اعلیٰ ترین سیاسی ترجیح ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ اس کے دشمنوں کے خلاف اپنے تعلقات کا تحفظ کریں۔"

اپنے اس بیان سے چند دن قبل ان سے منسوب ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انھوں نے امریکہ کو ان "خطرات" میں سے ایک خطرہ قرار دیا تھا جو یورپی یونین کو درپیش ہیں، ان میں روس اور چین بھی شامل تھے۔

فرانس کے صدر فرانسواں اولاں نے امریکہ سے تعلقات میں پیش رفت سے قبل یورپ کی یکجہتی پر زور دیا۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ "بہت سے ممالک کو اس بات کا احساس کرنا ہوگا کہ ان کا مستقبل پہلے یورپی یونین میں ہے بجائے اس کے کہ امریکہ کے ساتھ اس کے تعلقات کی کیا نوعیت ہوگی۔"

جرمنی کی چانسلر انگلیلا مرکل نے کہا کہ "ہم دنیا میں اپنے وضع کردہ کردار سے متعلق جتنے واضح ہوں گے اتنا ہی بہتر ہم بین البحرالکاہل تعلقات کو استوار کر سکتے ہیں۔"

XS
SM
MD
LG