رسائی کے لنکس

صدر بائیڈن اور صدر پوٹن کے درمیان کس طرح کے مذاکرات متوقع ہیں؟


صدر بائیڈن اپنے غیرملکی دورے کے آخری مرحلے میں روسی صدر پوٹن سے مذاکرات کے لیے جنیوا کے ائیرپورٹ پر اپنے طیارے سے اتر رہے ہیں۔ 15 جون 2021
صدر بائیڈن اپنے غیرملکی دورے کے آخری مرحلے میں روسی صدر پوٹن سے مذاکرات کے لیے جنیوا کے ائیرپورٹ پر اپنے طیارے سے اتر رہے ہیں۔ 15 جون 2021

امریکہ کے صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ بدھ کے روز اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن سے سخت نوعیت کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ یہ مذاکرات دنیا کے دو کلیدی اور حریف ملکوں کے سربراہوں کے درمیان صدر بائیڈن کے اولین سمندر پار دورے کا اختتام ہو نگے۔

بائیڈن بدھ کے روز امریکہ کے صدر کی حیثیت سے پہلی بار روسی لیڈر سے ملیں گے ۔ مبصرین کا خیال ہے کہ آدھے دن تک بند دروازوں کے پیچھے جاری رہنے والی یہ بات چیت کافی سخت ہو سکتی ہے جس میں دونوں صدور کے معاونین بھی شرکت کریں گے۔

اس بات چیت میں کیا ہوگا؟ یہ واضح نہیں ہے۔ امریکہ اور روس دونوں یہ تسلیم کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں اور دونوں فریق اس بات چیت سے کسی بامعنی اتفاق رائے پر پہنچنے کے لئے بھی پر امید نہیں۔ تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، دونوں رہنما اپنے اپنے اہداف لے کر بدھ کو بات چیت کی میز پر ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔

مبصرین کے مطابق، بائیڈن وائٹ ہاوس روس کے ساتھ ایک زیادہ قابل قیاس تعلق کی جانب بڑھنے اور روس کے جارحانہ رویے پر قابو پانے کا خواہش مند ہے، جبکہ صدر پوٹن کا مقصد یہ ہوگا کہ معاملات کو اسی تناو بھرے انداز سے جوں کا توں قائم رکھا جائے،جس سے ماسکو کے اہم مفادات کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

اس بات چیت سے قبل بائیڈن نے اپنے ایک ہفتے پر محیط دورے میں یورپی رہنماؤں سے امریکہ کے تعلقات بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس بارے میں بھی بات چیت کی کہ حریف ملکوں روس اور چین کے چیلنجز کا مقابلہ مل کرنا ہو گا۔

بائیڈن اور پوٹن کے درمیان ولا لا گرینج میں مذاکرات ہوں گے ۔ 14 جون 2021
بائیڈن اور پوٹن کے درمیان ولا لا گرینج میں مذاکرات ہوں گے ۔ 14 جون 2021

جنیوا پہنچنے پر ایک صحافی نے بدھ کے مذاکرات کے متعلق بائیڈن سے پوچھا کہ کیا وہ اس کے لیے تیار ہیں؟ ان کا جواب تھا میں ہمیشہ تیار رہتا ہوں۔

اس سے قبل امریکہ اور 27 اقوام کے بلاک یورپی یونین کے درمیان ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرشپ کے تحت روس کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی بات چیت پر اس بارے میں اتفاق ہو گیا کہ اس میں کیا سوالات اٹھائے جائیں گے۔

صدر پوٹن نے امریکی ٹی وی چینل این بی سی نیوز کے ساتھ انٹرویو میں تمام امریکی الزامات مسترد کر دیے تھے۔14 جون 2021
صدر پوٹن نے امریکی ٹی وی چینل این بی سی نیوز کے ساتھ انٹرویو میں تمام امریکی الزامات مسترد کر دیے تھے۔14 جون 2021

صدر بائیڈن اور یورپ کے دو کلیدی اداروں کے سربراہوں کے درمیان برسلز میں مذاکرات کے بعد منگل کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ روس کے متعلق اپنے اصولی نقطہ نظر پر متحد ہیں اور روس کے منفی رویے اور ضرررساں سرگرمیوں کے مسلسل دوہرائے جانے کے عمل کا فیصلہ کن انداز میں جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں روس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سول سوسائٹی، حزب اختلاف، آزاد ذرائع ابلاغ کے ارکان کی مسلسل جاری پکڑ دھکڑ بند کرے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت جاری کیا گیا جب صدر بائیڈن اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن سے ملاقات کے لیے جنیوا روانہ ہونے والے تھے۔ یہ ملاقات بدھ کے روز طے ہے۔

XS
SM
MD
LG