رسائی کے لنکس

امریکہ: دو ماہ کمی کے بعد ہوائی سفر میں مسلسل اضافہ


سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی شرط پر عمل درآمد لازم۔
سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی شرط پر عمل درآمد لازم۔

کرونا بحران کے نتیجے میں دو ماہ سے زیادہ دنوں تک مسلسل گراوٹ کے رجحان کے بعد، امریکی ہوائی صنعت پھر سے بلندی کی جانب رخ کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

امریکی ٹرانسپورٹیشن حکام کے مطابق، گزشتہ ہفتوں میں ہوائی سفر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اکتیس مئی کو تقریباً تین لاکھ 53 ہزار لوگوں نے کمرشل جہازوں پر سفر کیا اس سال 14 اپریل کے مقابلے میں ہوائی سفر میں یہ 303 فیصد اضافہ ہے۔

ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے مطابق، گذشتہ ہفتے کے اختتام پر تقریباً ساڑھے نو لاکھ مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔ یہ تعداد مئی کے آغاز کے اعدادوشمار سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔ لیکن، پچھلے سال اسی ماہ کے مقابلے میں ہوائی سفر کا یہ حجم محض 14 فیصد ہے۔

امریکی فضائی صنعت ہر سال 1.7 ٹریلین ڈالر کی اقتصادی سرگرمیاں پیدا کرکے ایک کروڑ سے زائد ملازمتوں کو سہارا دیتی ہے۔ لیکن، دوسرے شعبوں کی طرح کرونا بحران میں اس صنعت کو بھی بہت نقصان ہوا۔

ہزاروں کمرشل جہازوں کو پارک کردیا گیا۔ یہاں تک کہ اپریل میں ایک دن امریکی ٹرانسپورٹیشن حکام کے مطابق، ملک بھر میں ایک لاکھ سے بھی کم مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔

فوربز جریدے کے مطابق، گزشتہ ہفتے فضائی کمپنیوں کے اسٹاک شیئرز میں75۔11 فیصد اضافہ ہوا، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ امریکی معیشت کی بحالی تیزی سے عمل میں آسکتی ہے۔

جریدے کے مطابق، ہوائی سفر کے اس بڑھتے رجحان کا تعلق وائٹ ہاؤس ٹیم کے رکن اور وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر اینٹونی فاوچی کہ اس بیان سے ہے جس میں انہوں نے سی این این نیوز چینل کو بتایا کہ کووڈ نائنٹین کی ویکسین اس سال کے آخر تک تیار کرلی جائے گی۔

حال ہی میں ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ میکسیکو اور ویسٹ انڈیز کے لیے یکم جولائی سے اپنی پروازیں بحال کر دے گی۔

ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی ہوائی کمپنیاں پراعتماد نظر آتی ہیں کہ امریکہ کے اندر ہوائی سفر تیزی سے بحال ہو جائے گا۔ بلومبرگ نیوز سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکہ کی چار بڑی کمپنیوں میں سے صرف امریکن ایئرلائنز نے ابھی تک ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے قائم کیے گئے رعایتی فنڈز سے مستفید ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دوسری تین فضائی کمپنیاں پُرامید دکھائی دیتی ہیں کہ موسم گرما میں فضائی سفر بڑی حد تک بحال ہو جائے گا۔

دوسری طرف، ہوائی صنعت سے وابستہ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ ہوائی کمپنیوں کو آئندہ کئی مہینوں تک کم کرائے کے رجحان کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ سیٹوں کے مقابلے میں مسافر سماجی فاصلوں کی پابندی کے پیش نظر کم ہوں گے۔
فضائی سفر کے علاوہ ٹرک چلانے والی کمپنیوں کے اسٹاک ایکسچینج شیئرز میں بھی نمایاں اضافہ نظر آیا ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق، یہ رجحان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ امریکہ تیزی سے اپنی معیشت بحال کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG