رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سپر ایٹ مرحلہ: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی


  • ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے ہدف باآسانی دو وکٹوں پر حاصل کر لیا۔
  • تیسری وکٹ پر فل سالٹ اور جونی بیرسٹو نے ویسٹ انڈیز کی بالنگ لائن کے خلاف جم کر بیٹنگ کی اور 44 گیندوں پر 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
  • فل سالٹ 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور وہ میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
  • جونی برسٹو نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 48 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر گروپ ٹو میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

سینٹ لوشیا میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

میزبان ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے لیکن انگلش ٹیم نے ہدف اٹھارویں اوور میں دو وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز فل سالٹ اور کپتان جوس بٹلر نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ آٹھویں اوور کی چوتھی گیند پر بٹلر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے اور وہ 25 رنز کی اننگز کھیل سکے۔

ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے معین علی مجموعی رنز میں صرف 13 رنز کا اضافہ ہی کر سکے اور آندرے رسلز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

انگلش اوپننگ بلے باز فل سالٹ اور کپتان جوس بٹلر پچ پر محو گفتگو ہیں۔
انگلش اوپننگ بلے باز فل سالٹ اور کپتان جوس بٹلر پچ پر محو گفتگو ہیں۔

تیسری وکٹ پر سالٹ اور جونی بیرسٹو نے ویسٹ انڈیز کی بالنگ لائن کے خلاف جم کر بیٹنگ کی اور 44 گیندوں پر 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر جیت کو یقینی بنایا۔

سالٹ نے پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 87 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کارکردگی کی بنیاد پر وہ میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے جب کہ برسٹو نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 48 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسلز اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹںگ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی جانب سے جانسن چارلس 38 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ اوپننگ بلے باز برینڈن کنگ 23 رنز بنا سکے اور ریٹائرڈ ہرڈ ہو گئے۔

کپتان رومان پاویل اور وکٹ کیپر نکولس پوران 36، 36 جب کہ آل راؤنڈر آندرے رسلز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شرفین ردرفورڈ نے 28 اور روماریو شیفرڈ نے پانچ کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیام لونگسٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی ٹاپ پوزیشن

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ٹو میں دو پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

اس گروپ میں شامل جنوبی افریقہ کی ٹیم کے بھی دو پوائنٹس ہیں لیکن انگلینڈ کے مقابلے میں نیٹ رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

امریکہ اور ویسٹ انڈیز ایک، ایک میچ میں ناکامی کے بعد بالترتیب گروپ ٹو میں تیسری اور چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون میں بھارت، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس گروپ کا پہلا میچ آج بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG