رسائی کے لنکس

وائس آف امریکہ اردو سروس  کے سابق براڈکاسٹر اور صحافی اکمل علیمی انتقال کر گئے


براڈکاسٹر اور صحافی اکمل علیمی، فائل فوٹو
براڈکاسٹر اور صحافی اکمل علیمی، فائل فوٹو

پاکستان کے معروف صحافی اور وائس آف امریکہ کے سابقہ براڈ کاسڑ سید اکمل علیمی دل کا دورہ پڑنے سے امریکی ریاست ورجینیا میں انتقال کرگئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

ایک قابل احترام صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ اکمل علیمی واشنگٹن کے ادبی حلقوں کی ایک نمایاں شخصیت تھے اور یہاں کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے تھے۔ انہوں نے کئی کتابیں بھی تصنیف کیں۔

انہوں نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک وائس آف امریکہ میں اپنی خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد وہ اخباروں میں کالم نویس اور مدیر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ وہ واشنگٹن کے علاقے میں شائع ہونے والے اردو اخبار' دنیا انٹرنیشنل 'کے مدیر اور کالم نگار بھی رہے۔

اکمل علیمی 1931 میں پیدا ہوئے اور تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں صحافت کے شعبہ سے وابستہ ہو گئے۔ وہ لاہور سے شائع ہونے والے مقبول اخبار امروز میں چیف رپورٹر اور کالم نویس کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اس دوران انہوں نے امروز کا فکاحیہ کالم بھی لکھتے رہے، جو ان کے جملوں کی کاٹ اور زبان کی میٹھاس کی وجہ سے قارئین کے حلقوں میں بہت مقبول تھی۔

وہ 1973 میں امریکہ آ گئے اورواشنگٹن ڈی سی میں وائس آف امریکہ اردو سروس میں اپنے کیرئر کا آغاز کیا۔ وہ 2008 تک وآئس آف امریکہ کی اردو سروس میں ایڈیٹر، پروڈیوسر اور بین الااقومی براڈ کاسٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اس دوران انہوں نے عرصے تک مذاکروں کے ریڈیو پروگرام راؤنڈ ٹیبل کی میزبانی بھی کی۔ ریڈیو کی نشریات سننے والوں میں ان کا ایک پروگرام 'اسلام امریکہ میں' بہت مقبول ہوا، جس میں امریکہ میں مسلمانوں کی تاریخ، ثقافت، اور مختلف شعبوں میں ان کی خدمات کا تذکرہ کیا جاتا تھا۔ یہ پروگرام کئی برس تک چلا۔

اکمل علیمی
اکمل علیمی

اس کے علاوہ اپنے پروگراموں میں وہ پاکستان کے قومی امور اور امریکہ میں زندگی کے مختلف پہلووں پر سامعین کو خبروں اور تجزیوں کے ذریعے معلومات فراہم کرتے رہے۔

انہیں 1998 میں یونائیٹڈ اسٹیٹس انفارمیشن ایجنسی اور وائس آف امریکہ کی طرف سے ان کی اعلی کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔

انہیں ادارے میں 30 سال خدمات انجام دینے پر 2003 میں وائس آف امریکہ کا ایک خصوصی سرٹیفیکیٹ بھی دیا گیا۔

اس کے علاوہ امریکہ میں قائم کئی صحافی تنظیموں اور اردو زبان و ادب کی ترویج میں مصروف تنظیم سوسائٹی آف اردو لٹریچر کی جانب سے ان کی خدمات کو خصوصی ایوارڈز کے ذریعہ تسلیم کیا گیا اور انہیں امریکہ میں پاکستانی صحافیوں کی ایک تنظیم'پاپا' کی جانب سے ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا ۔

ان کی وفات سے امریکہ میں بسنے والے پاکستانی امریکی قارئین اور ادب کے دلدادہ ایک گہری فکر اور سوچ رکھنے والی شخصیت سے سے محروم ہو گئے اور یہ خلا ایک عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG