رسائی کے لنکس

نیدر لینڈز کی 'ہولوکاسٹ' میں ملکی کردار پر پہلی بار باضابطہ معافی


نیدر لینڈز کے وزیرِ اعظم مارک روٹے (فائل فوٹو)
نیدر لینڈز کے وزیرِ اعظم مارک روٹے (فائل فوٹو)

نیدر لینڈز کے وزیرِ اعظم مارک روٹے نے کہا ہے کہ وہ نازی جرمنی کے ہاتھوں یہودیوں کے قتل عام (ہولوکاسٹ) میں اپنے ملک کی جانب سے ادا کیے گئے کردار پر معافی مانگتے ہیں۔

ڈچ وزیرِ اعظم نے یہ گفتگو اتوار کو اپنے ایک خطاب کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ "یہودیوں پر ظلم و ستم" کے خلاف نیدر لینڈز کی جانب سے کوئی اقدام نہ کرنے پر معافی مانگتے ہیں۔

مارک روٹے پہلے ڈچ وزیرِ اعظم ہیں جنہوں نے ہولوکاسٹ پر اپنے ملک کی جانب سے باضابطہ معافی مانگی ہے۔

پیر کو نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں مارک روٹے نے ہولوکاسٹ کی ایک یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ "میں اپنی حکومت کی جانب سے ہمارے درمیان باقی بچ جانے والے افراد سے معافی مانگتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ "میں معذرت خواہ ہوں، یہ جانتا ہوں کہ ہولوکاسٹ جیسی خوفناک چیز کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ میں اُس وقت کی نیدرلینڈز کی حکومت کے اقدامات پر معافی مانگتا ہوں جو ہولوکاسٹ کے وقت قائم تھی۔"

خیال رہے کہ اس سے قبل نیدر لینڈز کی حکومتیں اس بات پر معافی مانگتی رہی ہیں کہ ہولوکاسٹ کے دوران نازیوں کے حراستی کیمپوں سے بچ جانے والے یہودی جب اپنے گھروں کو پہنچے تو ان کے ساتھ اچھا سلوک روا نہیں رکھا گیا تھا۔

لیکن نیدر لینڈز کی کسی بھی حکومت نے اس سے قبل اس طرح کھل کر اپنے ملک کی جانب سے ادا کیے گئے اس کردار کی مذمت نہیں کی تھی، جب انہوں نے جرمنی کے زیرِ اثر یہودیوں اور دیگر اقلیتوں پر "ظلم و ستم" کیا۔

مارک روٹے نے کہا کہ حکومتی اداروں میں بیٹھے اس وقت کے بہت سے لوگوں نے صرف جرمنی کے احکامات ماننے کو ترجیح دی، بغیر یہ سوچے سمجھے کہ ان کے اقدامات کے لوگوں پر کیا نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہودی رہنما اور تاریخ دان گزشتہ سات دہائیوں سے ہٹلر کو جنگِ عظیم دوم کے دوران جرمنی اور پولینڈ میں لاکھوں یہودیوں کے قتلِ عام کا مرکزی ذمہ دار قرار دیتے آئے ہیں۔

یہودی رہنما یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہولوکاسٹ کے دوران 60 لاکھ کے لگ بھگ یہودیوں کو قتل کیا گیا تھا۔

ہولوکاسٹ کے دوران قتل کیے گئے یہودیوں میں سے ایک لاکھ سے زائد کا تعلق نیدر لینڈز سے تھا۔

وزیرِ اعظم روٹے نے کہا کہ ہم خود سے پوچھتے ہیں کہ یہ سب کیسے ممکن ہوا؟

انہوں نے کہا کہ "اس سب میں ہم نے بہت کم کردار ادا کیا۔ ہم ان (یہودیوں) کی حفاظت نہیں کر سکے، ان کی مدد نہیں کر سکے اور ان کی تکالیف کا ادراک نہ کر سکے۔"

XS
SM
MD
LG