رسائی کے لنکس

کچرے کے ڈبوں کے ساتھ فوٹو گرافی اور فیشن کا نیا ٹرینڈ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن میں آپ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔ تو پورا دن گھر میں بیٹھ کر بوریت کو کیسے دور کیا جائے؟ اس کا حل کچھ منچلوں نے ایک نیا ٹرینڈ بنا کر نکالا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک منفرد اور دلچسپ ٹرینڈ سامنے آیا ہے جس میں لوگ انوکھے ملبوسات پہن کر کچرے کے ڈبوں کے ساتھ تصاویر کھنچوا رہے ہیں۔

کہتے ہیں کہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے۔ وبا کے دور میں جب آپ کو گھر سے باہر نکلنے کے لیے بھی کسی بہانے کی ضرورت ہو تو کچھ ایسی ہی نئی چیزیں متعارف ہو جاتی ہیں۔

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جہاں لوگوں پر مختلف پابندیاں عائد ہیں اور کئی ملکوں میں سخت لاک ڈاؤن کے باعث لوگ گھروں سے نکلنے کا بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔ وہیں کچھ منچلوں نے کچرا پھینکنے کی ضرورت کو باہر نکلنے کا موقع سمجھتے ہوئے تفریح کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

آپ چاہے کتنے ہی سخت لاک ڈاؤن یا کرفیو میں ہوں۔ لیکن کچرا تو آپ گھر میں جمع نہیں کر سکتے۔ کچرا پھینکنے آپ کو گھر سے باہر جانا ہی ہوتا ہے۔ لہٰذا جب بھی کچرا پھینکنے باہر جانا ہو تو یہ نیا فیشن بھی کرتے چلیں۔

کوئی بھی انوکھا اور منفرد لباس پہنیں جو دیکھنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہو اور کچرے کے ڈبے لے کر سڑک پر آجائیں۔ کچرے کے ڈبوں کے ساتھ ایک تصویر لیں اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپلوڈ کردیں۔ لیجیے آپ بھی اس نئے کچرا فوٹوگرافی ٹرینڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔

لباس کی بھی کوئی قید نہیں ہے۔ بس ذرا عام لوگوں سے ہٹ کر ہونا چاہیے تاکہ آپ بھی دوسروں سے منفرد نظر آئیں۔ آپ لُنگی کے اوپر ٹی شرٹ پہن کر بھی نکل سکتے ہیں یا پھر سپرمین یا اسپائیڈر مین کا روپ دھار کر بھی باہر جا سکتے ہیں۔

وکٹوریہ انتھونی آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں رہتی ہیں۔ وہ ایک ڈی جے ہیں جن کا ماننا ہے کہ منفرد لباس پہن کر کچرے کو اداؤں کے ساتھ پھینکنے جانا تنہائی کے اس ماحول میں کسی تفریح سے کم نہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ایسا کرنے سے اُنہیں بہت خوشی ملی ہے۔

اسکاٹ لینڈ میں ایک بس ڈرائیور اسٹیورٹ کننگھم نے بھی سوشل میڈیا پر اپنا جلوہ دکھایا ہے۔ ان کے پاس زیادہ مہنگے کپڑے تو شاید نہیں تھے۔ لہٰذا انہوں نے عام کپڑوں کو ہی الگ انداز میں پہن کر تصویر کھنچوا لی۔

یہ منفرد ٹرینڈ آسٹریلیا سے شروع ہوا تھا لیکن اب یہ امریکہ، برطانیہ اور نیدرلینڈ سمیت کئی ملکوں میں پھیل رہا ہے۔ سیکڑوں لوگ نت نئے روپ میں کچرے کے ڈبوں کے ساتھ اپنی تصویریں کھنچوا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں۔

اسٹیورٹ کننگھم
اسٹیورٹ کننگھم

عین ممکن ہے کہ جیسے کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہے ویسے ہی کرونا وائرس کا خوف کم کرنے کے لیے یہ ٹرینڈ بھی پوری دنیا میں پھیل جائے۔

XS
SM
MD
LG