رسائی کے لنکس

خیبرپختونخوا: صوبائی وزیر پانچ سال کے لیے نااہل، حکمراں جماعت کو سیاسی نقصان ہو گا؟


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کو حال ہی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز ہونے کے الزام پر پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔ وزیر کی نااہلی کو صوبے میں حکمراں جماعت کے لیے بڑا دھچکہ سمجھا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو کسی بھی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دیا ہے جب کہ اُن کے بیٹے کو بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد صوبے میں حکمراں جماعت کے دیگر وزرا اور سیاست دان بھی تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ضلع بنوں سے ملحقہ نیم قبائلی علاقے بکا خیل میں تحصیل چیئرمین کے انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر ملک شاہ محمد کے مبینہ حملے اور انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کے باعث اس علاقے میں انتخابات کالعدم قرار دے دیے تھے۔

الیکشن کمیشن نے ملک شاہ محمد کے بیٹے کو بھی تحصیل میئر کے عہدے کے لیے انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔

ملک شاہ محمد کا کہنا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے حوالے سے اپنے وکلا سے مشورے کے بعد آئندہ کا لائحہ عملے طے کریں گے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں 19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شکست ہوئی تھی جس پر وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں صوبائی وزرا کو اپنے اہلِ خانہ کو ٹکٹوں سے نوازنے کے الزامات بھی سامنے آئے تھے جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ خود کریں گے۔ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 27 مارچ کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن کی وارننگ کے باوجود علی امین گنڈا پور انتخابی مہم میں سرگرم

دریں اثںا وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے بھائی عمر امین گنڈا پور کی انتخابی مہم میں، رپورٹس کے مطابق ،بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

مقامی تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کی نشست کے لیے حکمراں جماعت سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان پریس کلب کے سابق صدر یاسین قریشی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی سٹی میئر کے اُمیدوار ہیں۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اپنی جماعت کے اُمیدوار کفیل نظامی کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں عرصہ دراز سے شہر کی سیاست پر میانخیل ، علیزئی اور گنڈا پور برادریوں سے تعلق رکھنے والوں کا غلبہ رہا ہے۔ 13 فروری کو سٹی مئیر کے عہدے کے انتخا بات میں میاں خیل خاندان نے فیصل کریم کنڈی کے حمایت کا اعلان کیا ہے۔

علیزئی خاندان کے لطیف اللہ علیزئی نےرشتہ داروں سمیت جمیعت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کی ہے۔

XS
SM
MD
LG