رسائی کے لنکس

جی، یہ میں ہی ہوں!


زعیم احسان نامی ایک ٹوئٹر صارف نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2005 میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ایک تماشائی باؤنڈری کا کارڈ لہرا رہا ہے۔
زعیم احسان نامی ایک ٹوئٹر صارف نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2005 میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ایک تماشائی باؤنڈری کا کارڈ لہرا رہا ہے۔

نامور شخصیات کی پُرانی تصاویر یا ویڈیوز کا سوشل میڈیا پر وائرل ہو جانا اور اس پر بحث عام ہے۔ اِن دنوں پاکستان میں ٹوئٹر پر ایک تصویر وائرل ہے جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

زعیم احسان نامی ٹوئٹر صارف نے یکم دسمبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2005 میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ایک تماشائی باؤنڈری کارڈ لہرا رہا ہے۔

زعیم نے اپنے ٹوئٹ میں سوال کیا کہ تصویر میں دکھائی دینے والے شخص پاکستان کی مسلح افواج کے موجودہ ترجمان میجر جنرل آصف غفور ہی ہیں یا ان جیسا کوئی اور شخص؟

یہ تصویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد اس میچ اور تماشائی کی ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آچکی ہے۔

اس تصویر پر تبصرے شروع ہوئے تو تین دسمبر کو میجر جنرل آصف غفور نے خود ہی ٹوئٹر پر تصدیق کردی کہ تصویر میں دکھائی دینے والے وہ خود ہیں۔

آصف غفور نے زعیم احسان نامی نوجوان کی شیئر کردہ تصویر پر شکریے کے ساتھ جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی نظریں بہت تیز ہیں۔ یہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ہے اور یہ تصویر 2005 کی ہے۔ اُس وقت میں میجر تھا۔

یاد رہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان ٹوئٹر پر خاصے سرگرم ہیں اور وہ صارفین کے سوالات کے جواب دیتے رہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ اپنا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں۔

ٹوئٹر پر فرضی نام سے موجود ایک صارف نے میجر جنرل آصف غفور کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور آپ اسٹیڈیم میں ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ 2005 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کی تھی جب پاکستان میں کرکٹ عروج پر تھی اور یہ سرحد چھوڑ کر اسٹیڈیم آجاتے تھے۔

مبشر نواز نامی صارف نے کہا "آصف بھائی ساری دنیا کے ساتھ تصویر بناتے ہیں مجھ غریب کے ساتھ بھی ایک تصویر بنا لیں۔"

ٹوئٹر پر فرضی نام (فرینکلی اسپیک) سے موجود صارف نے کہا کہ ان کی نظر کمزور ہے لیکن اب تک آرمی میں کس طرح ہیں۔

XS
SM
MD
LG