روسی حکام نے کہا ہے کہ داغستان کے علاقے میں ہونے والے ایک حملے میں صوبائی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ریا' نے وزارتِ داخلہ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جمعرات کی صبح نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے گارن قربانوف کی گاڑی پر کی گئی فائرنگ سے وہ موقع پر ہلاک ہوگئے۔
قربانوف جمہوریہ داغستان کے سربراہ کے پریس سیکرٹری تھے۔ حملہ میں ان کا ڈرائیور بھی مارا گیا۔
واضح رہے کہ داغستان روس کے جنوب میں واقع ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے جہاں طویل عرصہ سے مسلح مسلم جنگجو مزاحمتی تحریک چلارہے ہیں۔
داغستان سے ملحق علاقے چیچنیا میں بھی روسی حکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک جاری ہے جہاں کے جنگجو روسی حکومت کے خلاف دو اہم جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔ گو کہ علاقے میں ہونے والی لڑائی کے خاتمے کو ایک دہائی سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے تاہم سرکاری اہداف پر حملے روز کا معمول ہیں۔