بجلی سے چلنے والی موٹر گاڑیاں بنانے والی امریکہ کی معروف کمپنی ٹیسلا نے اپنے پراڈکٹس میں ایک ٹرک کا بھی اضافہ کر دیا ہے۔ جس کی بیٹری بجلی سے چارج ہونے کے بعد اسے لمبے سفر میں مدد دیتی ہے۔
کمپنی نے حال ہی میں اپنے سائبر ٹرک کی نمائش کی ہے جس کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس کی باڈی اسٹین لیس اسٹیل کی ہے اور اس پر گولی بھی اثر نہیں کرتی۔ حتی کہ اس کی کھڑکیوں کے شیشے بھی بلٹ پروف ہیں۔
ٹیسلا نے بتایا ہے کہ اسے اپنے سائبر ٹرک کے لیے دو لاکھ سے زیادہ آرڈرز موصول ہو چکے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ 2021 میں ٹرک بننا شروع ہو جائیں گے۔
ٹرک کی نمائش کے دوران جب ایک شخص کو فولادی بال شیشے پر مارنے کی دعوت دی گئی تو شیشہ کریک ہو گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ٹرک میں زیادہ بہتر معیار کا شیشہ استعمال کرے گی۔
ٹرک کی قیمت تقریباً 40 ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اس کے چار دروازے ہیں۔ اور چھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ نشستوں کو ساڑھے چھ فٹ کے بیڈ میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ جب کہ سامان اٹھانے کی گنجائش ساڑھے تین ہزار پاؤنڈ ہے۔ اسے 130 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلایا جا سکتا ہے۔
ٹرک کا ڈیزائن روایتی ٹرکوں سے مختلف رکھا گیا ہے اور پہلی نظر میں وہ کسی خلائی سفر کی گاڑی جیسا دکھائی دیتا ہے۔ سائبر ٹرک کی یہ انفرادیت لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے۔
ٹرک میں استعمال کی جانے والی الیکٹرک موٹر بہت طاقت ور ہے جس سے سائبر ٹرک تین سیکنڈ سے بھی کم وقت میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لیتا ہے۔ بیڑی کے ایک چارج میں وہ 250 سے 500 میل تک کا سفر کر سکتا ہے۔
امریکہ میں ٹرک پک اپ نما گاڑی کو کہا جاتا ہے۔ ایس یو وی بھی ٹرک ہی کی ترقی یافتہ شکل ہے۔ یہاں زیادہ تر ایس یو ویز کو ترجیح دی جاتی ہے اور عموماً ہر گھر میں ایک پک اپ ٹرک یا ایس یو وی موجود ہوتی ہے۔
اس وقت پک اپ ٹرک کی مارکیٹ پر فورڈ، بی ایم ڈبلیو اور کرائسلر کا قبضہ ہے اور زیادہ تر انہی کی بنائی ہوئی پک اپ گاڑیاں فروخت ہوتی ہیں۔ جب کہ ایس یو وی کے شعبے میں تقریباً تمام آٹو کمپنیاں اپنے پاؤں جما چکی ہیں۔ آپ کو اپنی مالی حیثیت کے مطابق ایک انتہائی لگژری سے لے کر بہت ہی بنیادی سطح کی ایس یو وی مل سکتی ہے۔
ایس یو ویز نے کاروں کو طلب کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ زیادہ تر آٹو کمپنیوں نے کاروں کی پیداوار گھٹا دی ہے۔ کئی ایک نے کہا ہے کہ وہ امریکہ میں اپنے کاروں کے پلانٹ بند کر کے ان ملکوں میں منتقل کر رہے ہیں جہاں کاروں کی کھپت موجود ہے۔