رسائی کے لنکس

کرسپی ہاٹ ونگز گھر میں بنائیں


اسٹاٹر میں مزیدار گرما گرم ہاٹ ونگز کا نام سن کر تو سب کے منہ میں ہی پانی آ جاتا ہو گا اور اگر یہی ونگز آپ باآسانی اپنے گھر میں خود بنا لیں تو اس سے اچھی اور کیا بات ہو سکتی ہے۔

آج ہم آپ کو ہاٹ ونگز کی آسان سی ترکیب بتانے والے ہیں جو آپ کم وقت میں اپنے گھر میں بنا کر ریسٹورنٹ جیسا مزہ لے سکتے ہیں۔

ونگز بنانے عمل کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ایک اسٹیپ میرینیشن جب کہ دوسرا سوس کی تیاری کا ہے جو ہاٹ ونگز کا سب سے اہم جُز بھی ہے۔

چلیں ریسیپی کی طرف چلتے ہیں۔

سب سے پہلے ایک کلو چکن ونگز کو اچھی طرح سے دھو کر اس میں دو کھانے کے چمچ تازہ ادرک اور لہسن کا پیسٹ، پسی کالی مرچ، نمک اور پسی ہوئی لال مرچ حسبِ ذائقہ ڈال کر اسے کم از کم ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

اس کے بعد حسبِ ضرورت میدے میں نمک، دو کھانے کے چمچ کالی مرچ، ایک کھانے کا چمچ سفید مرچ اور ایک کھانے کا چمچ لال مرچ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ اور پھر میرینیٹڈ چکن کو اس میدے کے مکسچر میں کوٹ کر کے اسے ڈیپ فرائی کر لیں۔

جب تک چکن ونگز فرائی ہو رہے ہوں گے تو آپ اس کا سوس تیار کر لیں۔

ایک پین میں تین کھانے کے چمچ چلی سوس، دو کھانے کے چمچ سویا سوس اور ایک کپ کیچ اپ ڈال کر پانچ منٹ پکائیں۔

جب سوس پک جائے تو چولہا بند کر کے اس میں دو کھانے کے چمچ شہد شامل کر کے مکس کر لیں۔

سوس کو چولہے سے اتار کر اس میں کرسپی فرائیڈ چکن ونگز ڈال کر اچھے سے مکس کرلیں۔

بعد ازاں اسے کسی پلیٹر میں نکال کر سفید تل کے ساتھ پیش کریں۔

XS
SM
MD
LG