جنوبی افریقہ نے پول بی کے ایک میچ میں آئرلینڈ کو 201 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔
منگل کو کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بنائے تھے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ صرف 12 کے مجموعی اسکور پر گر گئی لیکن ابتدائی بلے باز ہاشم آملہ اور پھر ڈوپلیسی نے کی شاندار سینچریوں کی بدولت یہ ٹیم پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔
آملہ نے 159 اور ڈو پلیسی نے 109 رنز بنائے جب کہ روسویو نے 61 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔
میک برائن نے دو جب کہ مونی اور اوبرائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف حاصل کرنے کے لیے آئرلینڈ نے سرتوڑ کوشش کی لیکن اس کی پوری ٹیم 45 اوورز میں صرف 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بالبیرائن 58 جب کہ او برائن 48 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے ایبٹ نے چار، مورکل نے تین، اسٹئین نے دو اور ڈی ویلیئرز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہاشم آملہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے گیارہویں ورلڈ کپ میں دوسری مرتبہ حریف ٹیموں کے لیے چارسو سے زائد رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف اس نے 408 رنز کا ہدف دے کر میچ 257 رنز سے جیتا تھا۔