رسائی کے لنکس

ورلڈٹی20: آسٹریلیا کو شکست، ویسٹ انڈیز فائنل میں


سری لنکا میں 'ورلڈ ٹوئنٹی20' کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا کو 74 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

سری لنکا میں 'ورلڈ ٹوئنٹی20' کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا کو 74 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

جمعہ کو کولمبو میں ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ریکارڈ 206 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

جواباً آسٹریلیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو کالی آندھی کے بالرز بھی اتنے ہی تباہ کن ثابت ہوئے اور انہوں نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 4ء16 اوورز میں 131 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ میچ کے پہلے ہی اوور سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا اسے کینگروز کے مڈل آرڈر نے کچھ تھامنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی ویسٹ انڈین بالروں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹہر سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جارج بیلی نے 29 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن 14 ویں اوور میں ان کے آئوٹ ہونے سے پہلے اور ان کے بعد بھی کوئی اور بلے باز ویسٹ انڈین بالروں کو جم کر نہ کھیل سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سیموئل بڈری، سنیل نارائن اور کیرن پولارڈ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈین بلے بازوں نے شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور آسٹریلوی بالرز کے چھکے چھڑادیے۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں مجموعی طور پر 14 چھکے اور 13 چوکے لگے۔ صرف آخری ایک اوور میں ہی ویسٹ انڈین بلے بازوں نے 25 رن بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے اس شاندار اسکور میں کرس گیل نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے 75 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنا یہ اسکور 41 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے بنایا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پولارڈ 15 گیندوں پر 38 رنز بنا کر اننگز کی آخری گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل اسٹارک اور ژاویرڈوہرٹی نے 1، 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اتوار کو ہونے والے فائنل میں میزبان سری لنکا کے مقابل ہوگی جس نے جمعرات کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔
XS
SM
MD
LG