رسائی کے لنکس

سچن 74 رنز پر آؤٹ، اسٹیڈیم میں سناٹا


سچن ٹنڈولکر (فائل فوٹو)
سچن ٹنڈولکر (فائل فوٹو)

24 سالہ کیرئیر کے 200 ویں اور آخری میچ میں سچن نصف سنچری کے بعد پر اعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے کہ ویسٹ انڈیز کے اسپن باؤلر دیونرائن کی ایک گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کے معروف بلے باز سچن ٹنڈولکر اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اپنے 24 سالہ کیرئیر کے 200 ویں اور آخری میچ میں سچن نصف سنچری کے بعد پر اعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے کہ ویسٹ انڈیز کے اسپن باؤلر دیونرائن کی ایک گیند پر سلپ میں کھڑے فیلڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔


جمعہ کو ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد یہ ان کی آخری اننگز بھی ہوسکتی ہے کیونکہ گزشتہ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دی تھی اور اس میچ میں بھی بظاہر اس کا پلڑا ہی بھاری دکھائی دیتا ہے۔

میچ کے دوسرے دن بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 495 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں اسے مہمان ٹیم پر 313 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کھیل کے پہلے ہی روز 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی کا وانکھیڈے اسٹیڈیم کرکٹ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور یہ سب لٹل ماسٹر کے کیریئر کے آخری میچ میں انھیں خراج تحسین پیش کرنے جمع ہیں۔ جب ٹنڈولکر آؤٹ ہوئے تو لگ بھگ 33 ہزار تماشائیوں سے بھرے میدان میں مکمل طور پر سناٹا چھا گیا۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے آنے والوں میں عامر خان، رہتک روشن سمیت بھارتی فلمی صنعت کے بے شمار ستاروں کے علاوہ مختلف سیاستدان اور بڑی کاروباری شخصیات بھی اسٹیڈیم میں موجود تھیں جب کہ کرکٹ کے کئی معروف سابق کھلاڑیوں کو بھی سچن ٹنڈولکر نے بطور خاص یہ میچ دیکھنے کے لیے مدعو کر رکھا ہے۔

دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز چالیس سالہ کھلاڑی سچن ٹنڈولکر سینچریوں کی سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہیں جب کہ ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں میں بھی انھوں نے سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنا رکھے ہیں۔

کیرئیر کے آخری میچ میں سچن کو دیکھنے کے لیے اُن کے مداحوں کی بے تابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم کے میچ کی ٹکٹ فروخت کرنے والی ویب سائیٹ پر پہلے ہی گھنٹے میں اتنے لوگوں نے ’ہٹس‘ کیں کہ وہ سائیٹ ہی ناکارہ ہو گئی۔

کرکٹرز، مبصرین اور ناقدین سچن ٹنڈولکر کودنیائے کرکٹ کا ایک اہم باب اور عہد قرار دیتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز کرکٹر برائن لارا کا ٹنڈولکر کے بارے میں کہنا تھا کہ جب کوئی بھی کرکٹ کا تذکرہ کرے گا تو وہ سچن کا ذکر ضرور کرے گا۔ انھوں نے بھارتی بلے باز کے کیرئر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا نہیں خیال کہ کوئی اور 16 برس کا نوجوان ایسا کیریئر بنائے گا اور اسے یوں خیرباد کہا جائے گا۔‘‘

ٹنڈولکر نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز نومبر 1989ء میں پاکستان کے خلاف کراچی میں کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG