رسائی کے لنکس

محمد حفیظ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم سے باہر


محمد حفیظ (فائل فوٹو)
محمد حفیظ (فائل فوٹو)

محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو آئی سی سی نے مشکوک قرار دے کر ان کی باؤلنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن بحیثیت بلے باز وہ ٹیم کے لیے اہم تصور کیے جاتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ زخمی ہونے کے باعث ورلڈ کپ کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ ناصر جمشید کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

محمد حفیظ کو تربیت کے دوران چوٹ آئی تھی اور ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انھیں تین ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

34 سالہ محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو آئی سی سی نے مشکوک قرار دے کر ان کی باؤلنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن بحیثیت بلے باز وہ ٹیم کے لیے اہم تصور کیے جاتے ہیں۔

انھوں نے 155 ایک روزہ میچوں میں31.10 کی اوسط سے 4542 رنز بنا رکھے ہیں جن میں نو سینچریاں بھی شامل ہیں۔

25 سالہ ناصر جمشید نے 45 ایک روزہ میچوں میں 33.64 کی اوسط سے 1413 رنز بنائے ہیں۔ انھوں نے اپنے ون ڈے کریئر میں تین سینچریاں اسکور کی ہیں جو کہ تینوں بھارت کے خلاف میچوں میں بنائیں۔

گیارہواں کرکٹ ورلڈ کپ 14 فروری سے شروع ہو رہا ہے جس کی مشترکہ میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کر رہے ہیں۔

اس بڑے مقابلے سے قبل ہی پاکستانی ٹیم پر اس کی حالیہ کارکردگی کی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے اور ورلڈ کپ کے لیے فاسٹ باؤلر جنید خان کے ان فٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ کے ٹیم سے باہر ہونے کو ٹیم کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

جنید خان کی جگہ ٹیم میں راحت علی کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اب تک صرف ایک ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

XS
SM
MD
LG