پاکستان نے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ رن سے شکست دیدی ہے۔
بلاویو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ جواباً زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بناسکی۔
اس سے قبل جب پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتداء میں ہی اس وقت مشکل صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنر عمران فرحت دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 74 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حفیظ 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم یونس خان اور کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اچھا اسکور فراہم کیا۔
سابق کپتان یونس خان 9 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنا کر پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کپتان مصباح الحق نے 54 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے مپوفو اور رے پرائس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواباً زمبابوے نے 248 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے تیسرے اوور میں اوپنر چیبابا کی اہم وکٹ سے محروم ہونا پڑا جو صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 53 کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کو اپنی دوسری وکٹ سے محروم ہونا پڑا۔
تاہم اس موقع پر کپتان برینڈن ٹیلر اور اوپنر ووسی سباندا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور زمبابوے کی پوزیشن مستحکم بنادی۔ سباندا 27 ویں اوور میں 73 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کپتان ٹیلر نے 7 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹاپ اسکورر رہے۔
پینتالیسیوں اوور تک زمبابوے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا چکا تھا اور بظاہر میچ پر اس کی گرفت مستحکم نظر آرہی تھی۔ تاہم اس موقع پر پاکستانی بالرز نے میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو اپنے دبائو میں لیے رکھا جس کے باعث زمبابوے کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 242 رنز اسکور کر پائی۔
پاکستان کی جانب سے پہلا ون ڈے کھیلنے والے اعزاز چیمہ کامیاب ترین بالر رہے جنہوں نے 36 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یونس خان کو 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا ون ڈے اتوار کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا واحد ٹیسٹ میچ پاکستان نے 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔