رسائی کے لنکس

پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں


بنگلہ دیش میں جاری چار ملکی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالی ہے۔

ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 189 رن کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 40 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری فتح جب کہ سری لنکا کی دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 21 رنز سے فتح حاصل کی تھی جب کہ سری لنکا بھارت سے اپنا پہلا میچ 50 رنز سے ہار گیا تھا۔

جمعرات کو ہونے والے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب نویں اوور میں ابتدائی بلے باز ناصر جمشید 18 اور 12ویں اوور میں محمد حفیظ 11 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اگلے ہی اوور میں یونس خان بھی صرف 2 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 33 رن تھا۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے 152 رن کی شان دار شراکت قائم کرکے میچ میں پاکستان کی فتح یقینی بنادی۔ عمر اکمل 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 77 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان مصباح الحق نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رن بنائے اور آخری وقت تک وکٹوں پر جمے رہے۔

قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے بلے باز ابتدا ہی سے جم کر کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور پوری ٹیم چھیالیسویں اوور میں 188 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کمار سنگاکارا اور تھرنگا بالترتیب 71 اور57 رن کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے اعزاز چیمہ 4 وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سعید اجمل نے 3، عمر گل نے 2 اور حماد اعظم نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کا اگلا میچ جمعہ کو میزبان بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ میچ میں میزبان ٹیم کی شکست کی صورت میں بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔

لیکن فائنل سے قبل ٹورنامنٹ کا پانچواں میچ دونوں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گاجس کا شائقینِ کرکٹ کو بے تابی سے انتظار ہے۔

XS
SM
MD
LG