رسائی کے لنکس

امریکہ اور عمان کو کرکٹ ون ڈے انٹرنیشنل کا سٹیٹس مل گیا


گزشتہ 15 برسوں کے دوران پہلی بار امریکہ نے نیمبیا میں ہونے والے ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو مقابلوں میں مسلسل تین میچ جیتنے کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔

اس سے قبل امریکہ نے کرکٹ کے جس بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا وہ 2004 کی ون ڈے انٹرنیشنل چیمپئنز ٹرافی تھی۔ لیکن اب وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لے سکے گا۔

امریکہ نے یہ کامیابی نیمبیا کے شہر ونڈوک میں بدھ کے روز کھیلے گئے عالمی کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے مقابلوں میں ہانگ کانگ کو 84 رنز سے شکست دے کر حاصل کی۔

ان مقابلوں میں چھ ٹیموں میں حصہ لیا جس میں امریکہ پہلی چار ٹیموں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا۔

ان ٹیموں میں امریکہ کے علاوہ سکاٹ لینڈ، متحدہ عرب امارات، نیپال اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

اب 2023 کے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اگلے ڈھائی برسوں کے دوران 36 ون ڈے انٹرنیشل میچ کھیلنے کی امریکہ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد اب آئی سی سی کے پاس 20 ملکوں کی ٹیمیں ہوں گی، جن میں سے چار چوٹی کی ٹیمیں سکاٹ لینڈ، متحدہ عرب امارات، نیپال اور نیدرلینڈز کے ساتھ شامل ہو جائیں گی۔

امریکی ٹیم کے کوچ پوبودو دسانیکے کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم کے طور پر ہم نے گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران سخت محنت کی اور ہم اس ٹورنامنٹ میں اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ہمارے کھلاڑی بہت خوش ہیں۔ یہ امریکہ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس سے پہلے ہم کبھی بھی اس درجے تک نہیں پہنچے۔ ہم آئی سی سی کے مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ کی لیگ ٹو میں پہنچ کر بہت خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے انٹرنیشنل کی جانب بڑھنے کے لیے ہمیں ڈھائی سال کا ایک اور مرحلہ طے کرنا ہے۔ ٹیم کو اس سطح پر لانے کے لیے ہمیں مزید سخت محنت کرنا ہو گی۔ ہم یہ ٹورنامنٹ جیت کر نیمبیا کو چھوڑنا چاہتے ہیں۔

اسی ٹورنامنٹ میں اومان کو بھی ون ڈے انٹرنینشل کا سٹیٹس مل گیا ہے۔ اس نے آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے حالیہ مقابلوں میں میزبان ٹیم نیمیبا پر چار وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

امریکہ نے نیمبیا اور پپوا نیو گین کو شکست دی تھی جس کے بعد آئی سی سی ون ڈے کا سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے ایک اور میچ جیتنے کی ضرورت تھی۔

ٹورنامنٹ کے آغاز پر امریکہ کو عمان کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست ہوئی۔ تاہم امریکہ نے نیمیبیا سے دو رنز سے میچ جیتا۔ پپوا نیو گنی سے 10 وکٹ سے، جب کہ ہانگ کانگ سے آخری میچ 84 رنز سے جیت لیا۔

امریکہ اور اومان کو آئی سی سی ون ڈے کا درجہ ملنے کے بعد باقی دو نشستوں کے لیے نیمبیا، پپوا نیو گنی، کینیڈا اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

XS
SM
MD
LG