دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بدھ کو ہونے والے امن کپ کے خیر سگالی ٹی20 میچ میں پاکستان الیون نے یو کے میڈیا الیون کو 133 رنز سے ہرا دیا۔
شمالی وزیرستان کے مرکزی قصبے میران شاہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان الیون کے 254 کے رنز کے جواب میں مہمان ٹیم صرف 120 رنز بنا سکی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان الیون نے ایک وکٹ کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 253 رنز بنائے۔
شاہد آفریدی چوکوں اور چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 28 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
یاد رہے کہ کسی بھی قبائلی علاقے میں بین الاقوامی معیار کا یہ پہلا کرکٹ میچ تھا جس میں یو کے الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان الیون کے اوپنر ز کامران اکمل اور یاسر حمید نے 51رنز اسکور کیے۔
یاسر حمید 19 رنز بناکر آوٹ ہوئے جس کے بعد کامران اکمل اور عمر امین نے جارحانہ بیٹنگ کی۔
ان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد سابق کپتان انضمام الحق اور شاہد آفریدی بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور دونوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
شاہد آفریدی نے شائقین کی خواہشات کے مطابق نہایت جارحانہ انداز میں بلے بازی اور 80 رنز بنائے۔ پاکستان کے 253 رنز کے جواب میں یو کے الیون صرف 120رنز بنا سکی۔
'مین آف دی میچ' کا ایوارڈ شاہد آفریدی کو دیا گیا۔
میچ کا انعقاد شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف کامیاب فوجی کاروائی ضربِ عضب کے بعد میران شاہ میں تعمیر کیے جانے والے 'یونس خان اسٹیڈیم' میں کیا گیا تھا۔
امن کپ کے خیر سگالی میچ کو دیکھنے کے لیے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور اعلیٰ فوجی حکام اسٹیڈیم میں موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
میچ کا انعقاد پشاور زلمی کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ شاہد افریدی اور انضمام الحق کے علاوہ یونس خان ،عمر گل، کامران اکمل اور کئی اور مایہ ناز کھلاڑیوں نے میچ میں شرکت کی جبکہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں اور دیہاتوں سے بھی ہزاروں کی تعداد میں قبائلی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے۔