رسائی کے لنکس

فضائیہ کے دو تربیتی طیارے ٹکرا کر تباہ، چاروں پائلٹ ہلاک


پاکستان فضائیہ کے دو تربیتی طیارے جمعرات کو ضلع نوشہرہ کے قریب گر کر تباہ ہو گئے اور ان پر سوار چاروں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

فضائیہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

تربیتی طیارہ مشاق
تربیتی طیارہ مشاق

مقامی پولیس اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹکرا کر تباہ ہونے والے مشاق طیاروں کا ملبہ صوبہ خیبر پختون خواہ کے علاقے رشکئی میں دو گھروں پر گرا۔

زمین پر طیاروں کا ملبہ گرنے سے دو بچوں سمیت کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ جب کہ نوشہرہ مردان روڈ کو بھی حادثے کے فوراً بعد عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ گذشتہ جمعہ کو میراج ساخت کا لڑاکا طیارہ کراچی کے قریب سونمیانی کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

سرکاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ طیارہ تباہ ہونے سے پہلے پائلٹ اس سے باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔

XS
SM
MD
LG