رسائی کے لنکس

کرونا وائرس لاک ڈاؤن، اسٹریمنگ سروسز کے صارفین میں اضافہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیٹ فلکس کے نئے صارفین کی تعداد دو گنا ہو چکی ہے۔ صرف جنوری سے مارچ کے دوران ایک کروڑ 58 لاکھ نئے صارفین کا اضافہ ہوا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے کل صارفین کی تعداد بڑھ کر 18کروڑ 29 لاکھ ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کے صارفین کی تعداد میں اضافے کی وجہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ ہے۔

'رائٹرز' سے بات کرتے ہوئے نیٹ فلکس کے سی ای او، ریڈ ہینٹنگ نے کہا کہ ‘‘یہ حقیقت ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ تفریح چاہتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے سے رابطہ چاہتے ہیں، چاہے کتنے بھی برے حالات کیوں نہ ہوں۔’’

انہوں نے کہا کہ ‘‘ہم نے مارچ کے مہینے میں نئے صارفین میں کافی اضافہ دیکھا۔ ہمارا خیال ہے کہ سال کے آخر میں پچھلے برس کے مقابلے میں نئے صارفین کی تعداد قدرے کم ہو گی۔’’

امریکہ میں مارچ کے مہینے کے بعد سے جاری لاک ڈاؤن کے بعد نیٹ فلکس ان چند کمپنیوں میں سے ایک ہے جس نے بزنس میں اضافہ دیکھا۔ جہاں اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 19 فی صد گراوٹ دیکھی گئی لیکن نیٹ فلکس کے حصص میں 11 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ٹی وی اور فلم پروڈکشن کے وقتی طور پر رک جانے کی وجہ سے کمپنی کو وقتی طور پر تو فائدہ ہوا ہے۔ مگر سال کے آخر میں اس کی وجہ سے کمپنی کی پروگرامنگ میں کچھ کمی آئے گی اور شاید اس دوران پہلے سے موجود پروگرامز کی مختلف زبانوں میں ڈبنگ کی جائے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس 2020 اور 2021 میں ریلیز کرنے کے لیے مواد زیادہ تر فلمایا جا چکا ہے اور ابھی پوسٹ پروڈکشن کے مراحل میں ہے۔

اسی ماہ اسٹریمنگ سروس کی جانب سے ریلیز کی جانے والی ڈاکیومنٹری ‘Tiger Khan’ اور ٹی وی شو ‘Money Heist’ کو شائقین کی جانب سے بہت پذیرائی ملی۔

امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق، نیٹ فلکس کی ڈاکیومینٹری ‘Tiger Khan’ کو ریلیز کے پہلے دس روز کے دوران تین کروڑ چالیس لاکھ افراد نے دیکھا۔

اخبار نے ایک ریسرچ فرم OnePoll کی جانب سے کئے جانے والے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان سروسز کے صارفین دن میں اوسطاً آٹھ گھنٹے یہ سروس استعمال کر رہے ہیں۔ سروے کے مطابق، اسٹریمنگ سروس استعمال کرنے والے صارفین میں 75 فیصد افراد ایک سے زائد اسٹریمنگ سروس استعمال کر رہے ہیں۔

سروے میں یہ بھی معلوم ہوا کہ 42 فیصد افراد اپنے اکاؤنٹ کا پاسورڈ دوسرے لوگوں سے شئیر کر کے سروس استعمال کر رہے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے دوران نئی متعارف ہونے والی اسٹریمنگ سروسز جیسے Apple TV+، Quibi اور CBS ALL Access صارفین کو فری ٹرائلز کی آفر دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG