رسائی کے لنکس

’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی پاکستان کی مرہونِ منت‘


یہ بات نیویارک سے نو منتخب کانگریس مین نے کہی ہے۔ اُنھوں نے مسلمان امریکیوں کے لئے عید کی چھٹیوں کی طرز پر، اسکولوں میں ’حلال فوڈ‘ کی فراہمی میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا

نیویارک میں پاکستانی امریکیوں کے کثیر آبادی والے علاقے، بروکلین سے نو منتخب کانگریس مین، حکیم جیفریز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک امریکہ اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس جنگ میں کامیابی پاکستان کی مرہونِ منت ہے‘۔

معروف سیاسی و سماجی رہنما، سرور چوہدری کی رہائش گاہ پر پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب میں، حکیم جیفریز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا اعتراف اعلی ترین سطح پر کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل، راجہ علی اعجاز کے علاوہ ایسٹونیا کی اقوام متحدہ میں ڈپٹی مستقل مندوب، مینا لینالینڈ شریک تھیں۔

عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے، حکیم جیفریز نے کہا کہ ’ایران کو ایٹمی طاقت بننے کے روکنے کے لئے سب کو متحد ہونا پڑے گا‘۔ اس سلسلے میں، انھوں نے مذاکرات کی حمایت کی اور کہا کہ دنیا جنگوں اور تنازعات سے تنگ آچکی ہے۔

کانگریس مین نے ایمگرینٹس پر زور دیا کہ وہ مقامی سیاسی عمل میں بھرپور شرکت کریں۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ میں ایمگریشن اصلاحات پر وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اور ملک میں موجود ایک کروڑ 10 لاکھ تارکین وطن کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی، تاکہ وہ امریکی معاشرے کا کارآمد حصہ بن سکیں۔

کانگریس مین نے مسلمان امریکیوں کے لئے عید کی چھٹیوں کی طرح اسکولوں میں ’حلال فوڈ‘ کی فراہمی میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا۔

اس موقع پر، سرور چوہدری نے ایمگرینٹ کمیونٹی کی جانب سے کانگریس مین کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور انھوں نے کمیونٹی کے افراد پر زور دیا کہ وہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل کے حل کے لئے خود کو پیش کریں۔

ایسٹونیا کی ڈپٹی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ ایسٹونیا اور پاکستانی کمیونیٹی کا ایک ساتھ مل بیٹھنا امریکی معاشرے کے لئے خوش آئند ہے۔

XS
SM
MD
LG