کامن ویلتھ کھیلوں میں آٹھواں یعنی پیر کا دِن بھارت کے لیے اتنا اچھا ثابت نہیں ہوا جتنا کہ ساتواں یعنی اتوار کا دِن ہوا تھا۔ اتوار کے روز جہاں بھارتی کھلاڑیوں نے اپنی جھولی میں پانچ گولڈ میڈل سمیت 15میڈل ڈالے تھے وہیں پیر کے روزاُنھیں ایک بھی گولڈ میڈل نہیں ملا ہے۔
بھارت اُن کھیلوں میں شروع سے ہی جِس جیت کا مظاہرہ کر رہا تھا وہ اب رُک گئی ہے۔ باکسنگ میں جے بھگوان اور دل باغ سنگھ سے گولڈ میڈل کی امید تھی مگر دونوں سیمی فائنل میں ہارگئے اور دونوں کو ہی کانسی کے تمغوں پر قناعت کرنی پڑی۔
شوٹنگ میں نیسامنت اور مینا کماری نے 50میٹر رائفل مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
بیڈمنٹن میں سائینہ نہوال خواتین کے سنگل مقابلے میں کوارٹر فائنل میں پہونچی ہیں۔ بیڈمنٹن ہی میں ڈبلز مقابلے میں بھارت کی جوڑی ہارگئی ہے۔ البتہ چیتن آنند مردوں کے سنگل مقابلے میں کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
اِسی طرح، بھارت کے ہی پی کے شیکھر سنگل مقابلے میں کوارٹر فائنل میں پہونچےہیں جب کہ تیراکی میں بھارت کے ہئی پرساد اور رتیکہ سری رام فائنل میں پہونچ گئے ہیں۔
اُدھر، رگبی میں ویلز نے بھارت کو سات کے مقابلے میں 55پوائنٹ سے ہرا دیا ہے۔
خواتین کے ہاکی مقابلے میں بھارت نے کینیڈا کو تین صفر سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے جب کہ آسٹریلیا انگلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل میں پہونچ گیا ہے۔
پیر کے روز ایک اسکینڈل سامنے آیا کہ خواتین کے سو میٹر کے مقابلے کی گولڈ میڈلسٹ نائجیریا کی اوسائمی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئیں۔ وہ ایک ممنوعہ دوا کے استعمال کی مرتکب پائی گئی ہیں۔گیمز فیڈریشن کے صدر مائیک فینل نے بھی اِس بات کی تصدیق کر دی ہے اور بتایا ہے کہ اوسائمی کو کھیلوں سے معطل کردیا گیا ہے۔
آٹھویں روز آسٹریلیا کے کُل تمغوں کی تعداد 138ہوگئی ہے جِن میں 61سونے کے 39چاندی کے اور 38کانسی کے ہیں۔
سونے کے تمغوں کے لحاظ سے بھارت اب بھی دوسرے نمبر پر ہے۔ اُس کو کُل 77تمغے ملے ہیں جِن میں سونے کے 29، چاندی کے 22 اور کانسی کے 26ہیں۔
انگلینڈ مجموعی اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے مگر سونے کے تمغوں کے اعتبار سے اب بھی تیسرے نمبر پر ہے۔ اُسے کُل 106تمغے ملے ہیں جِن میں سونے کے26، چاندی کے 46 اور کانسی کے 34تمغےشامل ہیں۔