رسائی کے لنکس

برطانیہ میں کرسمس کی سجاوٹ اور روشنیاں


لندن کے مشہور شاپنگ اسٹریٹس آکسفورڈ اسٹریٹ' 'ریجنٹ اسٹریٹ اور بانڈ اسٹریٹ کو اس سال کرسمس کے موقع پر ایک نئے انداز سے سجایا گیا ہےخاص طور پر ریجنٹ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش میں تبدیلی کی گئی ہے ۔

کرسمس کے جشن کی تیاریاں دنیا بھر میں زور شور سے کی جا رہی ہیں ادھر، برطانیہ میں بھی مسیحی افراد دھوم دھام سے کرسمس منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

کرسمس کے موقع پر برطانیہ کے شہر، محلے اور گلیاں سجاوٹ اوربرقی قمقموں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھے ہیں، بالخصوص دارالحکومت لندن کی کرسمس کی روشنیوں اور سجاوٹ دیکھنےسے تعلق رکھتی ہیں۔

لندن کے مشہور شاپنگ اسٹریٹس آکسفورڈ اسٹریٹ' 'ریجنٹ اسٹریٹ اور بانڈ اسٹریٹ کو اس سال کرسمس کے موقع پر ایک نئے انداز سے سجایا گیا ہےخاص طور پر ریجنٹ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش میں تبدیلی کی گئی ہے۔

اس سال ریجنٹ اسٹریٹ پر بتیاں 15 نومبر کو روشن کی گئی ہیں اس شاہراہ کو برقی گولوں سے بھری سنہرے چمکتے تاروں والی برقی ہار کے ساتھ بڑی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اس کا ڈیزائن بیلجئیم کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے ۔

لندن کی اہم تجارتی شاہراہ بانڈ اسٹریٹ کی سجاوٹ نے اس سال کرسمس کی روشنیوں میں اضافہ کیا ہے ۔گزشتہ برس کی طرح یہاں کی دوکانیں اور شاپنگ سینٹرز کی سجاوٹ انتہائی دیدہ زیب ہے۔ بانڈ اسٹریٹ کو اس سال مور کے پروں سے متاثر ڈیزائن کے ساتھ سجایا گیا ہے،جو دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کر رہا ہے ۔

آکسفورڈ اسٹریٹ کو 56 ویں بار کرسمس کی خصوصی سجاوٹ کے موقع پر چمکتے دمکتے اسنو بالز کے ساتھ روشن کیا گیا ہے۔ اس شاہراہ کو روایتی طور پر 1778برقی قمقموں اور 750,000 ایل ای ڈی لائٹس کے ساتھ سجا یا گیا ہے ۔

لندن کے خریداری کے مراکز، بڑے بڑے شاپنگ مالز اور دوکانیں کرسمس کے موقع پر سفید اور سنہری برقی قمقموں کے ساتھ حسین نظارہ پیش کر رہی ہیں، جب کہ روشنیوں کے اس تہوار پر گھروں کی تزئین وآرائش بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

سیاحوں کا پسندیدہ چوک ٹرافالگر اسکوائر کے احاطے میں حسب روایت کرسمس کے موقع پر70 فٹ اونچا کرسمس ٹری نصب کیا گیا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی یہاں جگمگاتےکرسمس ٹری کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔

ٹرافالگر اسکوائر پر کرسمس ٹری نصب کرنے کی روایت بہت پرانی ہے ،جس کا آغاز 1947 میں ہوا ،یہ روایتی کرسمس ٹری دوسری جنگ عظیم میں ناروے کی مدد کرنے پر نارویجن قوم کی طرف سےبرطانوی عوام کے لیےشکریے کا ایک تحفہ ہے،جسے ہر سال نومبر کے مہینے میں اوسلو سے لندن لایا جاتا ہے۔

اس برس ٹرافالگر اسکوائر پر 50 کورل گروپس نے اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جن میں سے ہر ایک گروپ نے ہر روز ایک گھنٹے کے لیے خیراتی اداروں کے لیے عطیات اکھٹا کرنے کے لیے لائیو پرفارمنس پیش کی ۔

برطانیہ کے تقریبا ہر چھوٹے بڑے شہر میں کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ونٹر ونڈر لینڈ کا انعقاد کیا گیا ۔

لندن میں ہائیڈ پارک کرسمس کے موقع پر بچوں والےخاندانوں کی پہلی پسند بن جاتا ہے،جہاں ونٹر ونڈر لینڈ کے نام سے کرسمس میلہ سجایا گیا ہے۔ یہاں داخلہ بالکل مفت ہے ۔

اسی طرح لندن برج اور ساوتھ بنک جیسے تفریحی مقامات پر خصوصی کرسمس بازار لگائے گئے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG