لاہور چرچ سے تعلق رکھنے والے، ریورنڈ شاہد معراج کا کہنا ہے کہ کرسمس صرف مسیحیوں کا نہیں بلکہ تمام دنیا کا دِن ہے، ’کیونکہ یسوح مسیح تمام اقوام ِ عالم کے لیے ہیں‘۔
’وائس آف امریکہ‘ سےکرسمس کے دِن کی مناسبت سےگفتگو میں اُنھوں نے بتایا کہ اتوار کے روز پاکستان میں مسیحیوں نےبڑے جوش وخروش سے کرسمس کا دِن منایا۔ اس موقع پر، تمام گرجا گھروں میں بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ عبادتیں ہوئیں، جہاں پاکستان اور پوری دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
فادر یوسف مینوئل المعروف فادر مانے نے کہا ہے مسیحیت امن، صلح، سلامتی، نجات، محبت و زندگی کا درس دیتا ہے۔
اُن کے بقول، پاکستانی مسیحیوں کے لیے اقلیت کے لفظ کا استعمال درست نہیں، کیونکہ ہم اقلیت میں نہیں ہیں۔ فادرمانے کے الفاظ میں، ہر ایک محبِ وطن پاکستانی ایک مسیحی ہے، جو اپنے وطن کے لیے اچھا سوچتا ہے اور اُس کا پیغام محبت و یگانگت کا پیغام ہے۔
پاکستان امریکن کانگریس (پی اے سی) کے نائب صدر، اور فلاڈیلفیا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی، وِکٹر گِل کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کرسمس کسی ایک مخصوص دِن کا نام نہیں۔ اُن کے بقول، یہ ایک سیزن اور ایک جذبے کا نام ہے۔
تفصیل کے لیے آڈیو رپورٹ سنیئے: