رسائی کے لنکس

کوئٹہ سے دو چینی شہری اغوا


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے نا معلوم افراد نے ایک چینی جوڑے کو اغوا کر لیا ہے۔

صوبائی پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے جناح ٹاﺅن میں یہ چینی شہری ایک لینگویچ سینٹر میں پڑھاتے تھے۔

دونوں میاں بیوی اطلاعات کے مطابق ایک مقامی ڈرائیور کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے اسلحے کی نوک پر اُن کی گاڑی کو روکا اور پھر زبردستی اُنھیں اپنے ساتھ لے گئے۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران مزاحمت پر چینی شہریوں کے ڈرائیور کو اغوا کاروں نے گولی مار کر زخمی کر دیا۔

کوئٹہ پولیس کے مطابق اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں چینی باشندوں کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

اس اغوا کے محرکات فوری طور پر واضح نہیں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے وابستہ اچھی خاصی تعداد میں چینی شہری بلوچستان میں مقیم ہیں۔

اگرچہ اُن کی حفاظت کے لیے اضافی خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود چینی شہریوں کے تحفظ کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

50 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چین کے شہر کاشغر سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر تک مواصلات، بنیادی ڈھانچے، توانائی کے منصوبوں اور صنعتوں کا جال بچھایا جانا ہے۔

کوئٹہ میں اس سے پہلے بھی اغواء برائے تاوان کی واداتیں ہوتی رہی ہیں۔

حال ہی میں صوبائی وزیر بلدیات سردار غلام مصطفے ترین کے بیٹے کو بھی اغوا کیا گیا تھا جب کہ اس سے قبل سیاسی راہنماﺅں کے علاوہ ہندو برادری کے تاجروں کو بھی اغوا کیا جاتا رہا ہے جو بعد میں بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG