رسائی کے لنکس

ایران پر پابندیاں مسئلے کا حل نہیں: چین


ایران پر پابندیاں مسئلے کا حل نہیں: چین
ایران پر پابندیاں مسئلے کا حل نہیں: چین

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے بدھ کے روز بیجنگ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس تنازع کے حل اور اس پر جاری کشیدگی کم کرنے کا راستہ بات چیت اور مذاکرات ہیں نہ کہ پابندیاں۔

ہونگ نے کہا معاشی اور توانائی کے شعبوں میں چین کے ایران کے ساتھ اعلانیہ، شفاف اور معمول کے تعلقات ہیں جن سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی کسی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں ہوتی اور نہ ہی ان سے کسی تیسرے فریق کے مفادات متاثر ہوتے ہیں۔

ترجمان کا کہناتھا کہ اس لیے حالیہ پابندیوں سے یہ تعلقات متاثر نہیں ہونے چاہیں۔

پچھلے ہفتے امریکہ نے ایران کے مرکزی بینک کے ساتھ لین دین کرنے والے مالیاتی اداروں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیاتھا۔

حالیہ پابندیوں سے بین الاقوامی منڈی میں تیل فروخت کرنے کی ایرانی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔

چین ایران کا ایک اہم تجارتی ساتھی ہے اور اس کا کہناہے کہ تہران کے خلاف مغربی ممالک کی پابندیوں سے صورت حال مزید پیچیدہ ہوگی، جس سے امن اور علاقے کے استحکام کو نقصان پہنچ سکتاہے۔

ایران کا شمار سب سے زیادہ خام تیل برآمد کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے اور اس کا سب سے بڑا خریدار چین ہے۔

مغربی ممالک نے ایران کے خلاف عائد پابندیوں کو اس لیے مزید سخت کیا ہے کیونکہ انہیں شبہ ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام کا مقصد جوہری ہتھیاروں کی تیاری ہے۔ ایران اس الزام سے انکار کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG