رسائی کے لنکس

چین: بلٹ ٹرین حادثے کا سبب حفاظتی نظام اور ڈیزائن کی خرابیاں


چین: بلٹ ٹرین حادثے کا سبب حفاظتی نظام اور ڈیزائن کی خرابیاں
چین: بلٹ ٹرین حادثے کا سبب حفاظتی نظام اور ڈیزائن کی خرابیاں

چین کے عہدے داروں نے کہاہے کہ ملک کی انتہائی تیز رفتار مسافر گاڑی’بلٹ ٹرین‘ کے جولائی میں ہونے والے حادثے کی وجہ غیر معیاری حفاظتی انتظامات اور ڈیزائن کی خرابیاں تھیں۔

اس حادثے میں 40 مسافر ہلاک ہوگئے تھے اور ملک بھر میں عوامی سہولت کے لیے چلائی جانے والی مسافر گاڑیوں کے نظام پر برہمی کا اظہار کیا گیاتھا۔

جولائی میں بلٹ ٹرین کو حادثہ اس وقت پیش آیاتھا جب وہ مشرقی صوبے ژجیانگ میں سفر کے دوران پیٹری پر کھڑی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔

بدھ کو جاری کی جانے والی اس رپورٹ میں وزارت ریلوے کے 54 عہدے داروں پر حادثے کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

تحقیقات کے بارے میں اس سے قبل کی رپورٹس میں یہ تصدیق کی گئی تھی کہ سگنل آلات کے ڈیزائن کی خرابی سے سبز لائٹ اس وقت سرخ نہ ہوسکی جب گرج چمک اور بارش کے طوفان کے باعث اسی پٹڑی پر جانے والی ایک گاڑی خراب ہوکر رک گئی جس پر بلٹ ٹرین آرہی تھی۔ اس کے علاوہ سگنل آپریٹر وں کی غلطی نے دوسری گاڑی کو ٹکرانے کا موقع دیا جس کے بعد کئی بوگیاں پل سے نیچے گرگئیں۔

رپورٹ میں ریلوے کے سابق وزیر لیو ژی جن کو بھی ذمہ دار ٹہرایا گیا ہے جنہیں ریلوے نیٹ ورک میں بڑے پیمانے کے توسیعی منصوبے میں رشوت ستانی کے الزامات پر فروری میں اپنے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔

حکام اس پہلوپر بھی غور کررہے ہیں کہ جن افراد کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیاہے، آیا ان کے خلاف فوجداری مقدمات قائم جاسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG