چین کے سرکاری خبررساں ادارے سنہوا کے مطابق اتوار کے روز شمالی چین میں کوئلے کی ایک کان میں پانی بھر جانے سے اس میں کم ازکم 123 کان کن پھنس گئے۔ سنہوا نے اس سے پیشتر 152 کان کنوں کے پھنسنے کی اطلاع دی تھی مگر بعد میں حکام سے بات چیت کے بعد انہوں نے تعداد میں تخفیف کی ہے۔
خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ صوبے شانسی میں واقع ایک کوئلے کی بڑی کان میں جب پانی بھرا تو اس وقت وہاں 260 کان کن کام کررہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً ایک سوکان کن بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
عہدےد اروں کا کہنا ہے کہ کان میں پانی بھرنے کی وجہ یہ تھی کہ زیرِ زمین پانی طوفانی انداز میں کان میں گھس آیا تھا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
چین کی کوئلے کی کانیں دنیا کی خطرناک ترین کانیں سمجھی جاتی ہیں ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2008ء میں ان میں تین ہزار سے زیادہ کان کن ہلاک ہوگئے تھے۔ واچ ڈاگ گروپس کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے زیادہ تھی۔