رسائی کے لنکس

جاپان میں زیر حراست چینی ماہی گیر رہا


جاپان میں زیر حراست چینی ماہی گیر رہا
جاپان میں زیر حراست چینی ماہی گیر رہا

جاپان نے پیر کے روز چین سے تعلق رکھنے والے اُن 14 ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے جن کوگذشتہ ہفتے اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان کی کشتی متنازع جزیروں کے قریب گشت پر معمورجاپانی ساحلی محافظوں کی دو کشتیوں سے ٹکرا گئی تھی۔ چینی کشتی کا کپتان اب بھی جاپانی حکام کی حراست میں ہے۔

چین کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق تفتیش کے بعد رہا کیے جانے والے افراد خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچیں گے، جب کہ جاپان نے ان کی کشتی کو بھی واپس لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

جاپان میں حکام نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز ایک مقامی عدالت نے چینی کشتی کے کپتان، ژان چی زیونگ (Zhan Qixiong)، کو حراست میں رکھنے کی مدت میں توسیع کر دی تھی، جس کے بعد استغاثہ ژان کومزید بیس روز تک حراست میں رکھ سکتی ہے ۔

چین نے ماہی گیروں کی گرفتاری پر احتجاج کے سلسلے میں چار مرتبہ جاپانی سفیر کو طلب کیا اور ایک روز قبل جاپان کو اس معاملے میں کسی غلط فیصلے پر پہنچنے کے خلاف تنبیہ کی تھی۔

حالیہ واقعے سے بیجنگ اور ٹوکیو کے درمیان متنازع جزیروں کی ملکیت سے متعلق پائی جانے والی کشیدگی ایک بار پھر نظر آ رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG