رسائی کے لنکس

بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے ہرا دیا


پاکستان کے میچ ہارنے کی ایک نہیں کئی وجوہ رہیں؛ جیسے کمزور فیلڈنگ، انتہائی خراب بالنگ، بار بار کیچ ڈراپ کرنا؛ ایم ترین میچوں میں بھی مڈل آرڈرز کا نہ چلنا، ٹاس جیتنے اور بارش کے واضح امکان کے باوجود پہلے فیلڈنگ کا غلط فیصلہ ۔۔۔

چیمپئنز ٹرافی کے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 124 رنز سے شکست دے دی۔ 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کا گھروندہ ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 164 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی پہلے بولنگ اور پھر بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 48 اوورز میںصرف 3 وکٹیں گنواکر 319 رنز بنائے۔

بھارت کے 319 رنز میں جہاں بیٹسمینوں کی عمدہ بیٹنگ سرفہرست رہی وہیں پاکستان کی ناقص بولنگ اور خراب فیلڈنگ کا بھی اہم کردار تھا، فیلڈرز نے بھی حریف بیٹسمینوں کو رنز بنانے کا بھرپور موقع دیا اور کئی آسان کیچ بھی چھوڑے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 8 اعشاریہ 4 اوورز میں 10 اعشاریہ 03 کی اوسط سے 87رنز دیئے جو چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں کسی بھی بولر کا پانچ یا اس زائد اوورز میں سب سے زیادہ اوسط ہے۔

بارش کے باعث ہدف پر نظرثانی کی گئی اور 'ڈک ورتھ لوئس میتھڈ' کے تحت پاکستان کو 324 رنز کا ہدف ملا، پاکستان کی طرف سےاحمد شہزاد اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا، ابھی پانچویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، بارش تھمنے کے بعدجب کھیل شروع ہوا تو ایک بار پھر نظرثانی کے بعد 41 اوورز میں 289 رنز کا ہدف دیا گیا۔

پاکستان کو 47 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور احمد شہزاد 12رنز بناکر بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر سکے اور صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اظہر علی اور محمد حفیظ نے مجموعی اسکور میں 30رنز کا اضافہ کیا، اس موقع پر اظہرعلی 50 رنز بنا کر جدیجا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، شعیب ملک تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 15رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔

وکٹیں گرنے کا سلسلہ یوں ہی جاری رہا اور محمد حفیظ 33رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو عماد وسیم پہلی ہی گیند پر جدیجا کو کیچ دے بیٹھے۔

اومیش یادیو نے اپنے ایک ہی اوور میں پہلے محمد عامر اور پھر حسن علی کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

وہاب ریاض 'ان فٹ' ہونے کے باعث بیٹنگ کیلئے نہیں آئے۔

اس طرح، پاکستان کی پوری ٹیم 33 اعشاریہ 4 اوورز میں 164 رنز بنا سکی اور بھارت نے 'ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ' کے تحت یہ میچ 124 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کرلیا۔

بھارت کی طر ف سے اومیش یادیو نے 3، ہاردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا نے دو، دو جبکہ بھونیشور کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ گروپ بی میں ایک ، ایک میچ کھیل کر بھارت اور جنوبی افریقا کے دو،دو پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکے۔

گروپ اے میں انگلینڈ کے دو پوائنٹس ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ایک، ایک پوائنٹ ہے جبکہ بنگلادیش کا ابھی کوئی پوائنٹ نہیں۔

پاکستان کا اگلا میچ 7جون کو جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوگا۔

XS
SM
MD
LG