پہلی عالمی جنگ میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کئے جانے کے دن کی سالگرہ اتوار 11 نومبر کو منائی جا رہی ہے۔ اُس روز مغربی محاذ پر توپیں خاموش ہو گئیں جس سے اس عالمی جنگ کا مکمل طور پر خاتمہ ہو گیا۔ اس جنگ عظیم میں 4 کروڑ کے لگ بھگ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پہلی عالمی جنگ میں امریکہ 1917 میں شامل ہوا جب اُس نے جرمنی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔ اس کے اگلے روز جنگ کا پانسا اتحادی قوتوں کے حق میں کرنے کے سلسلے میں امریکہ کا کردار بہت اہمیت اختیار کر گیا۔ امریکی شمولیت سے یورپ کی سیکیورٹی کیلئے امریکہ کے اہم کردار کی ابتدا ہو گئی۔
700 کلومیٹر طویل مغربی محاذ پر پہلی عالمی جنگ کے اختتام کی یاد میں تقریبات کا انعقاد ہو رہا ہے جس نے دنیا بھر کو خوف میں مبتلا کر دیا تھا۔
اگرچہ اس عالمی جنگ میں امریکہ کی شمولیت قدرے تاخیر سے ہوئی۔ تاہم، یہ شمولیت اتحادی قوتوں کی افرادی قوت اور مورال کیلئے انتہائی اہمیت اختیار کر گئی۔ 26 ستمبر، 1918 کو امریکہ نے ’آرگون‘ نامی حملے کا آغاز کر دیا۔ امریکی جنرل جان پرشنگ کی کمان میں ہونے والا یہ حملہ امریکی فوج کی تاریخ کا سب سے زیادہ ہلاکت خیز حملہ تھا۔ محاذ جنگ کے گائیڈ اور تاریخ دان رینڈی گولکے نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے چند دنوں کے دوران اس جنگ سے حاصل ہونے والے نتائج نسبتاً اچھے تھے۔ تاہم، یہ اتنے اچھے نہیں تھے جتنے جنرل پرشنگ چاہتے تھے۔
گولکے محاذ جنگ کے دوروں کا اہتمام کرتے ہیں اور ان کے ذریعے جنگ کی ہولناکیوں کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان میں جرمنی کی تنگ پٹری والی ریلوے لائن بھی شامل ہے جس کے ذریعے جرمنی خندقوں اور توپ خانے کو کمک پہنچاتا تھا۔
47 دن تک جاری رہنے والی آرگون لڑائی میں سیکڑوں کلومیٹر رقبے پر قبضہ کر لیا گیا۔ جب فرانسیسی اور برطانوی افواج نے پیش قدمی کی تو جرمنی سمجھ گیا کہ اُس کی شکست یقینی ہے۔ بالآخر 11 نومبر، 1918 کو ہونے والے جنگ بندی کے سمجھوتے کے نتیجے میں توپیں خاموش ہو گئیں۔
پہلی عالمی جنگ میں ایک لاکھ 16 ہزار امریکی ہلاک ہوئے۔ ان میں سے 14,000 سے زائد موسے آرگون کے قبرستان میں دفن ہیں۔
امریکہ کیلئے تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب امریکہ نے غیر ملکی خطوں کے دفاع کیلئے اتنی بڑی تعداد میں فوجیں روانہ کیں۔ تاہم، اتنی بڑی قربانیوں کے باوجود امریکہ یورپ کی سلامتی کیلئے اپنے مجوزہ کردار کے بارے میں غیر یقینی کا شکار رہا۔ لیکن دوسری عالمی جنگ کے دوران یورپ کی سلامتی کیلئے امریکہ کے بھرپور کردار کا تعین ہو گیا۔
امریکی شہریوں کیلئے پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی 100 سالہ برسی اپنے اُن آبا و اجداد کو یاد کرنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے جو محاذ جنگ سے زندہ لوٹ نہیں پائے۔