رسائی کے لنکس

توشہ خانہ اور ٹیریان وائٹ کیس: کیا عمران خان کا سیاسی مستقبل خطرے میں ہے؟


سابق وزیرِ اعظم عمران خان (فائل فوٹو)
سابق وزیرِ اعظم عمران خان (فائل فوٹو)

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف اس وقت کئی کیسز زیرِ التوا ہیں۔ ان کیسز کی بنیاد پر چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ عمران خان کو نااہل قرار دے کر انتخابی سیاست کے میدان سے باہر نکالا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے وکلا مطمئن ہیں کہ عمران خان کے خلاف جاری مقدمات میں انھیں نااہل کرنا ممکن نہیں۔ وکلا کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز میں انہیں عدالتوں سے ریلیف مل سکتا ہے۔

عمران خان کے خلاف کیسز

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اس وقت سب سے اہم کیس اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہے جو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے بھجوایا گیا ہے۔ اس کیس میں عمران خان پر توشہ خانہ سے مہنگی گھڑیوں سمیت کئی قیمتی تحائف کی خرید و فروخت میں بدعنوانی کے الزامات ہیں ۔

الیکشن کمیشن نے رواں سال اکتوبر میں توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے نااہل کر دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فوجداری کارروائی کے لیے یہ کیس اسلام آباد کی عدالت کو بھجوایا گیا تھا جسے عدالت نے قابلِ سماعت قرار دے کر عمران خان کو نو جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

توشہ خانہ ہوتا کیا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:07 0:00

سابق وزیرِ اعظم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹیریان وائٹ کیس بھی زیرِ التوا ہے جس میں الزام ہے کہ عمران خان نےالیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات میں اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان کا نام ظاہر نہیں کیا۔ لہٰذا انہیں غلط بیانی پر سزا دی جائے۔ یہ کیس 20 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔

عمران خان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ ہی میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا معاملہ بھی زیرِ التوا ہے جس پر سماعت جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے آٹھ سال کے بعد رواں برس اس کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔

عمران خان کے خلاف سائفر معاملے سے متعلق بھی ایف آئی اے میں انکوائری جاری ہے۔ اگر اس معاملے میں عمران خان کے خلاف شواہد پائے گئے تو انھیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین، پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے معاملے اور انتخابی اخراجات جمع نہ کرانے کے کیسز بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 20 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔

کیا عمران خان کو عدالتوں سے ریلیف مل سکتا ہے؟

عمران خان کے خلاف کیسز پر پی ٹی آئی کے وکلا کہتے ہیں کہ سابق وزیرِ اعظم کو ان کیسز سے کوئی خطرہ نہیں اور انہیں عدالتوں سے ریلیف مل سکتا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ عمران خان شدید مشکلات میں ہیں اور انہیں بہت جلد نااہلی کا سامنا کرنا ہوگا۔ لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

ان کا مؤقف تھا کہ ٹیریان وائٹ کیس کو اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ سمیت کئی عدالتیں مسترد کر چکی ہیں اور اس میں مزید کچھ بھی نہیں ہوگا۔

توشہ خانہ کیس سے متعلق اظہر صدیق نے کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو اسی کیس میں ایک ٹرم کے لیے نااہل کر چکا ہے۔ ایک شخص کو ایک ہی کیس میں دو عدالتوں سے سزا نہیں سنائی جا سکتی۔ لہٰذا ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں اس کیس کا چلنا بنتا ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو جنوری کو عمران خان کی طلبی کو اسلام آباد ہائی کورٹ یا لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا جاسکتا ہے اور اس بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں اگر عمران خان کو سزا بھی دی جائے تو ان کی نااہلی صرف ایک لمحے کے لیے ہوگی۔ عمران خان ویسے بھی اسمبلی سے جا چکے ہیں اور واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ لہٰذا اس سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف بنائے گئے زیادہ تر کیسز سیاسی نوعیت کے ہیں جن میں جان نہیں۔ ہمیں عدالتوں سے امید ہے کہ وہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق کارروائی کریں گی۔

'عمران خان کے خلاف کیسز بہت سنگین ہیں'

الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد اظہر صدیق ایڈووکیٹ سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے خیال میں عمران خان کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کنور دلشاد نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس بہت اہمیت کا حامل ہے جس میں الیکشن کمیشن تمام تحقیقات مکمل کرچکا ہے۔ اسی لیے کمیشن نے حکم نامہ جاری کیا اور فوجداری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ عدالت کو کیس بھجوایا۔

ان کے بقول الیکشن کمیشن نے تمام شواہد عدالت میں پہلے ہی جمع کرا دیے ہیں اور مجھے امید نہیں کہ اس میں زیادہ وقت لگے گا۔ عمران خان کو کسی بھی وقت نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔

کنوردلشاد کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پارٰ کی چیئرمین شپ سے متعلق کیس اور توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں تو زیادہ نقصان کا خطرہ نہیں ہے۔ کیوں کہ عام طور پر ایسے کیسز میں کمیشن سے معافی مانگ لی جاتی ہے اور کمیشن بھی درگزر کرتا ہے۔ لیکن ٹیریان وائٹ کیس میں انہیں مشکلات درپیش ہو سکتی ہیں۔

کنور دلشاد کے بقول ٹیریان والا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے جس میں بیرونِ ملک عدالتوں کے تحریری تصدیق شدہ فیصلے پیش کیے جارہے ہیں۔ اگر عدالت اس بارے میں کوئی حکم جاری کرے تو عمران خان کے لیے کو مشکل صورتِ حال کا سامنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف اس وقت جو کیسز ہیں، ان میں اگر ان کے خلاف بھی فیصلے آتے ہیں تو شاید انہیں قانونی طور پر زیادہ نقصان نہ ہو۔ لیکن اخلاقی طور پر خاصا نقصان ہوسکتا ہے جو ان کے ووٹ بنک پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG