رسائی کے لنکس

برما کی جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی نیویارک کا دورہ کریں گی


برما کی جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی
برما کی جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی

آنگ ساں سوچی کا امریکہ کا یہ دورہ 1980ء کے عشرے کے بعد پہلا دورہ ہوگا۔ 80 کی دہائی میں انہوں نے امریکہ میں اپنے قیام کے دوران اقوام متحدہ کے لیے کام کیا تھا

امریکہ میں قائم ایک تنظیم کا کہناہے کہ برما کی جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی گلوبل سیٹیزن ایوارڈ وصول کرنے کے لیے ستمبر میں نیویارک کا دورہ کریں گی۔

اٹلانٹک کونسل کی ایک ترجمان تالین انانیان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی نوبیل انعام یافتہ شخصیت اپنا ایوارڈ خود وصول کریں گی۔

آنگ ساں سوچی کا امریکہ کا یہ دورہ 1980ء کے عشرے کے بعد پہلا دورہ ہوگا۔ 80 کی دہائی میں انہوں نے امریکہ میں اپنے قیام کے دوران اقوام متحدہ کے لیے کام کیا تھا۔

اٹلانٹک کونسل نے کہا ہے کہ وہ آنگ ساں سوچی کو یہ ایوارڈ ان کی جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے بے لوث خدمات کے اعتراف میں دے رہی ہے۔

کونسل کا کہناہے کہ نوبیل انعام حاصل کرنے والی برما کی یہ شخصیت آزادی اور انسانی احترام کی ایک بین الاقوامی شناخت بن چکی ہیں۔

انہیں ایوارڈ وصول کرنے کی یہ دعوت امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اپنے برما کے دورے کے موقع پر دی ہے۔ یہ وفد ، جس میں درجنوں امریکی کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں، سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کے لیے برما گیا تھا۔

امریکہ نے گذشتہ ہفتے برما پر عائد اپنی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد امریکی سرمایہ کاروں کو 15 سال کے بعد وہاں کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی اجازت مل گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG