برما میں مقامی آبادی امدادی تنظیموں نے پیر کے روز بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے ملک کے مغربی ساحلی علاقے میں آنے والے طوفان سے سینکڑوں مکان تباہ اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں فوری طور پر خوراک، پانی اور عارضی پناہ گاہوں کی ضرورت ہے۔ طوفان سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جب کہ سینکڑوں درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے ہیں۔
ریاست Rakhine میں جمعہ کی شام آنے والا طوفان علاقے میں شدید بارشوں اور 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا باعث بنا۔ برمی ریڈ کراس نے Kyaukphyu کے علاقے میں پانچ ہزار افراد کے لیے ایک عارضی کیمپ قائم کیا ہے۔
برما کے سرکاری اخبار ’نیو لائٹ آف میانمار‘ نے طوفان کے باعث ہونے والے جانی ومالی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ تاہم اخبار کے مطابق عہدیداروں کو علاقے کی صورت حال کا جائزہ لینے اور متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے لیے روانہ کر دیا گیاہے۔
2008ء میں برما میں آنے والے ایک طاقتور طوفان سے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور یہ ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بنا تھا۔