رسائی کے لنکس

برطانیہ :بریڈ فورڈ میں ہر پانچواں فرد پاکستانی


بریڈفورڈ
بریڈفورڈ

حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بریڈ فورڈ کی مجموعی آبادی گذشتہ دہائی میں 11فیصد اضافے کے ساتھ 5 لاکھ 22 ہزار تک پہنچ گئی ہے

برطانیہ میں ہونے والی مردم شماری کےمطابق بریڈ فورڈ شہر میں رہنے والا ہر پانچ میں سے ایک فرد پاکستانی ہے۔

گذشتہ ہفتےبرطانوی ادارہٴ قومی شماریات نے سال 2011 میں کی جانے والی مردم شماری کے اعداد وشمار پر مبنی ایک رپورٹ جاری کی، جس کےمطابق گذشتہ 10بر سوں میں بریڈ فورڈ شہر برطانیہ میں پاکستانی آبادی کی سب سے بڑی شرح تناسب رکھنےوالا شہر بن گیا ہے، جہاں شہر کی کل آبادی کا 20 فیصد پاکستانی ہیں۔

حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بریڈ فورڈ کی مجموعی آبادی گذشتہ دہائی میں 11فیصد اضافے کے ساتھ 5 لاکھ 22 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

سال 2001 کی مردم شماری کےمطابق بریڈ فورڈ میں پاکستانیوں کی تعداد کل آبادی کا 14 فیصد تھی ،جو دس برسوں میں6 فیصد اضافے کے ساتھ 20 فیصد ہو گئی،یعنی1 لاکھ 7 ہزار افراد کی شناخت پاکستانی نژاد برطانوی شہری کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ برطانیہ کے دوسرے شہروں کے مقابلے میں بریڈ فورڈ میں پاکستانی آبادی کی شرح میں تیز رفتاراضافہ دیکھا گیا۔

تازہ ترین مردم شماری کے مطابق بریڈ فورڈ میں پاکستانیوں کی بیس فیصد آبادی میں سے 8 فیصد پاکستانی نژاد برطانوی وہ ہیں جو برطانیہ بریڈ فورڈ میں پیدا ہوئے۔

سال 2011 میں ہونے والی مردم شماری کے اعداد وشمار بتاتےہیں کہ برطانیہ کی طرح بریڈ فورڈ میں بھی عیسائی مذہب پہلےنمبر پرہے اور اسلام دوسرا بڑا مذہب بن گیا ہے، یہاں مسلمانوں کی کل تعداد گذشتہ دس برسوں میں 8 فیصد اضافے کے ساتھ 25 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ جب کہ ، بریڈ فورڈ برطانیہ میں مسلمانوں کا چوتھا بڑا شہر بن گیا ہے۔ عیسائیوں کی شرح46 فیصد ہیں باقی 21 فیصد لا دین اور 6 فیصد نے مذہب سے متعلق اپنی شناخت ظاہر نہیں کی ،جبکہ 2 فیصد فکشنل مذہب اسٹار وار کے جے ڈائی کو مانے والے ہیں۔

برطانیہ کے محکمہ شماریات کے مطابق بریڈ فورڈ کی کل آبادی میں سفید فام برطانوی شہریوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ،جو گذشتہ دہائی میں 76 فیصد سے گھٹ کر 63 فیصد تک رہ گئی۔ اس کے علاوہ، دیگر قومیتوں سےتعلق رکھنے والی اقلیتی آبادی میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جِن میں 3 فیصد ہندوستانی ،2 فیصد بنگلا دیشی اور دیگر 2 فیصد ایشیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں، شہر کی کل آبادی کا 27 فیصد ایشیائی ممالک کے افراد پر مشتمل ہے۔

بریڈ فورڈ کو برطانیہ میں' کری گھر' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ایک اندازے کے مطابق پاکستانی آبادی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ مشترکہ خاندانی نظام ہے ۔ برسوں پہلے پاکستان سے ہجرت کر کے آنے والےخاندانوں کی تین نسلیں بریڈ فورڈ میں آباد ہیں۔

تازہ رپورٹ سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار برطانیہ میں بسنے والوں کی شناخت قومیت اور مذاہب کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ تمام معلومات کسی شہری انتظامیہ کے لیے انتظامی پالیسی بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
XS
SM
MD
LG