رسائی کے لنکس

برازیل کے ایک جوڑے نے کرونا سے بچاؤ کے لیے 'خلائی لباس' پہن لیا


دنیا بھر میں کرونا سے بچاؤ کے لیے مختلف حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا سے بچاؤ کے لیے مختلف حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا بھر میں جہاں ماسک سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں وہیں برازیل میں ایک جوڑا انوکھا انداز اپناتے ہوئے خلائی لباس کی طرح دکھائی دینے والی حفاظتی کٹ وائرس سے بچنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیریو کے رہائشی ٹارسیو گالدینو پیشے کے لحاظ سے اکاؤنٹنٹ ہیں۔ وہ اور اُن کی اہلیہ روزمرہ کے معمولات کے لیے گھر سے باہر نکلتے وقت یہ خصوصی لباس زیبِ تن کرتے ہیں۔

ٹارسیو کہتے ہیں کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے 'خلائی لباس' پہننا اُن کے لیے ایک طرح سے تفریح بھی ہے کیوں کہ وہ خود بھی فلکیات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کے بقول جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ 'خلائی لباس' پہن کر باہر نکلتے ہیں تو لوگ اُنہیں دیکھ کر حیران ہوتے ہیں۔

ٹارسیو نے کہا کہ وہ پہلے سے ہی سانس کے عارضے میں مبتلا ہیں، لہذٰا اُنہوں نے یہ منفرد حفاظتی کٹ خود گھر پر تیار کی ہے۔ ان کے بقول اس طرح کی حفاظتی کٹ اسپتالوں میں صحتِ عامہ کا عملہ بھی استعمال کرتا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ خلائی لباس پہن کر خود کو مکمل طور پر محفوظ تصور کرتے ہیں۔چاہے سمندر کی سیر کو جانا ہو یا خریداری کے لیے کسی اسٹور کا رُخ کرنا ہو، یہ لباس پہن کر اُنہیں یہ احساس رہتا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے محفوظ ہیں۔

منفرد لباس پہنے میاں بیوی کو سڑکوں پر گھومتے دیکھ کر لوگ اُن کی تصاویر بھی بناتے ہیں۔

واجح رہے کہ برازیل امریکہ کے بعد دُنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

امریکہ کی 'جانز ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں منگل تک کرونا کے 18 لاکھ 84 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں اب تک کرونا سے لگ بھگ 73 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG