رسائی کے لنکس

کراچی میں دھماکا، 2 افراد ہلاک، 25 زخمی


پولیس کے مطابق دھماکے کا مقصد موچکو تھانے کے ایس ایچ او شفیق تنولی کو نشانہ بنانا تھا۔ دھماکے کے وقت وہ اپنے گھر کے قریب پہنچے ہی تھے کہ زور دار دھماکا ہوگیا۔

کراچی میں واقع پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں دھماکا خیز مواد سے بھری موٹرسائیکل پولیس افسر کی کار سے ٹکرانے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔

واقعہ جمعہ کی رات نو بجے کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کا مقصد موچکو تھانے کے ایس ایچ او شفیق تنولی کو نشانہ بنانا تھا۔ دھماکے کے وقت وہ معمول کے مطابق اپنے گھر کے قریب پہنچے ہی تھے کہ ایک موٹر سائیکل ان کی کار سے جا ٹکرائی جس سے زور دار دھماکا ہوا اور شفیق تنولی سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد شفیق تنولی نے میڈیا کو واقعہ سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔ شفیق تنولی کے مطابق واقعہ شاہ ژوب ہوٹل پرانی سبزی منڈی کے قریب پیش آیا۔ شفیق تنولی اسی علاقے کے رہائشی ہیں۔ دھماکے کے وقت تنولی کار سے اتر کر گھر کے اندر جانے کے لئے مڑ رہے تھے۔

دھماکے سے شفیق تنولی کی کار میں آگ لگ گئی جبکہ ان کے گھر کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ ڈی آئی جی منیرشیخ نے بھی دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے شفیق تنولی کے زخمی ہونے کی تصدیق دی ہے۔

ایس ایس پی فاروق اعوان نے شفیق تنولی سے بات چیت کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ نامعلوم دہشت گرد نے شفیق تنولی کی کار سے اپنی موٹر سائیکل ٹکرائی تھی، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا۔
XS
SM
MD
LG