رسائی کے لنکس

سبز آنکھوں والی بلی رہنے کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچ گئی


امریکی خاتون اول جل بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں ایک بلی پال لی، اس کا نام 'ولو 'رکھا گیا ہے۔
امریکی خاتون اول جل بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں ایک بلی پال لی، اس کا نام 'ولو 'رکھا گیا ہے۔

صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن نے آخر کار اپنے پالتو جانوروں میں ایک بلی کو بھی شامل کر لیا ہے۔

پرکشش سبز آنکھوں، سرمئی اور سفید رنگت والی اس بلی کا نام " ولو" ہے اور اسے ریاست پنسلوانیا سے وائٹ ہاؤس لایا گیا ہے۔

ولو کی عمر دو سال ہے۔

خاتون اول کے ترجمان، مائیکل لاروسا نے کہا ہے کہ "ولو "کو اپنے پسندیدہ کھلونے مل گئے ہیں۔ اور اس کے لیے یہاں وائٹ ہاؤس میں گھومنے پھرنے اور اپنے تجسس کا شوق پورا کرنے کے لیے بہت جگہ موجود ہے۔ وہ یہاں رہنے اور آباد ہونے کے لیے آئی ہے۔

جِل بائیڈن نے نومبر 2020 میں جو بائیڈن کے صدر منتخب ہونے کے بعد کہا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں ایک بلی لائیں گی، لیکن وائٹ ہاؤس میں آباد ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والی بلی کی تلاش اور انتخاب کے باعث اس کی آمد میں تاخیر ہوتی چلی گئی۔

جل بائیڈن کی بلی اپنے نئے گھر کا جائزہ لے رہی ہے۔
جل بائیڈن کی بلی اپنے نئے گھر کا جائزہ لے رہی ہے۔

گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس نے یہ اطلاع دی تھی کہ بلی جنوری میں آ رہی ہے۔

بلی کو ولو کا نام خاتون اول نے دیا ہے۔ انہوں نے یہ نام ریاست پنسلوانیا میں واقع اپنے آبائی شہر "ولوگروو" کے نام پر رکھا ہے۔

خاتون اول نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بلی کی تصویریں شیئر کی ہیں۔

خاتون اول کے ترجمان لاروسا نے بتایا کہ چھوٹے بالوں والی اس بلی نے 2020 میں پنسلوانیا میں چلائی جانے والی صدارتی انتخابی مہم کے دوران اسٹیج پر اپنی اچھل کود سے جل بائیڈن کو بہت محظوظ کیا تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جل بائیڈن کی فوری دلچسپی کو دیکھتے ہوئے فارم کے مالک نے اندازہ لگا لیا تھا کہ وہ بالآخر اسے لے جائیں گی۔

ولو، سابق صدر جارج ڈبلیوبش کے بعد وائٹ ہاؤس میں لائی جانے والی پہلی پالتو بلی ہے۔
ولو، سابق صدر جارج ڈبلیوبش کے بعد وائٹ ہاؤس میں لائی جانے والی پہلی پالتو بلی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں طویل عرصے سے کوئی بلی نہیں تھی۔ وائٹ ہاؤس کی آخری بلی سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں تھی۔

ولو سے پہلے وائٹ ہاؤس میں ایک "کمانڈر" بھی رہ رہا ہے۔ کمانڈر ایک جرمن شیفرڈ کتا ہے جو صدر بائیڈن کو ان کے بھائی جیمز بائیڈن اور ان کی اہلیہ سارا نے سالگرہ کے تحفے کے طور پر دیا تھا۔

کمانڈر کی آمد سے قبل وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن کے پاس جرمن شیفرڈ نسل کے دو کتے چیمپ اور میجر بھی تھے، مگر انہیں کمانڈر کا آنا پسند نہیں آیا اور ان کی آپس میں لڑائیاں شروع ہو گئیں۔ جس کے بعد میجر کو تربیت کے لیے جانوروں کے ایک تربیتی مرکز میں بھیج دیا گیا،جب کہ چیمپ گزشتہ سال جون میں 13 سال کی عمر میں مر گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں آنے والی بلی "ولو" کو جرمن شیفرڈ نسل کے "کمانڈر" کے ساتھ صلح صفائی سے رہنا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG