امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ لیکن ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ پاپولر ووٹ حاصل کرنے کا سابق ڈیموکریٹ صدر براک اوباما کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اوباما نے 2008 کے انتخابات میں چھ کروڑ 90 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ جو بائیڈن اب تک سات کروڑ سے زائد ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکی صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اب تک چھ کروڑ 70 لاکھ ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔
کچھ ریاستوں میں اب بھی گنتی کا عمل جاری ہے جس کے بعد ماہرین یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ صدر ٹرمپ بھی براک اوباما کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
امریکہ میں زیادہ پاپولر ووٹ حاصل کرنا بھی اُمیدوار کی وائٹ ہاؤس تک رسائی کی راہ ہموار نہیں کرتا بلکہ اُمیدوار کا 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ 2016 کے انتخابات میں ہیلری کلنٹن نے اُس وقت کے ری پبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے، لیکن وہ صدارتی الیکشن نہیں جیت پائی تھیں کیوں کہ انہیں الیکٹورل کالج کے 270 ووٹ حاصل نہیں ہوئے تھے۔
امریکہ کے ایک غیر سرکاری ادارے 'الیکشن پروجیکٹ' کے سربراہ اور فلوریڈا یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کے پروفیسر مائیکل میکڈونلڈ کے مطابق لگ بھگ 16 کروڑ امریکی ووٹرز نے اس بار صدارتی انتخاب میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا ہے۔
امریکہ میں اس سے پہلے 2016 میں ہونے والے انتخابات میں 13 کروڑ 90 لاکھ ووٹ ڈالے گئے تھے۔