رسائی کے لنکس

بائیڈن نے رون کلین کو وائٹ ہاؤس کا چیف آف اسٹاف مقرر کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے رون کلین کو وائٹ ہاؤس کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کر دیا ہے۔ بائیڈن نے عبوری عرصے کے دوران مقرر کیے گئے اپنے مشیروں سے بھی ملاقات کی ہے۔

جو بائیڈن نے بدھ کو ایک ٹوئٹ میں رون کلین کو چیف آف اسٹاف مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

رون کلین اس سے قبل جو بائیڈن کی نائب صدارت کے دوران اُن کے چیف آف اسٹاف رہ چکے ہیں۔

بائیڈن نے کہا کہ "کلین کے وسیع تجربے اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت کی مجھے وائٹ ہاؤس میں ضرورت ہے۔ کیوں کہ ہمیں ایک بحران کا سامنا ہے اور یہ لوگوں کو متحد کرنے کا وقت ہے۔"

خیال رہے کہ امریکہ میں نو منتخب صدر انتخابات کے بعد حلف برداری کے عبوری عرصے میں ہی اپنی انتظامیہ تشکیل دینے کا آغاز کر دیتا ہے جو نئی حکومت آنے کے بعد ہی کام شروع کرتے ہیں۔ موجودہ صدر اور اس کی ٹیم 20 جنوری کو نئے صدر کے حلف اُٹھانے تک اپنے عہدوں پر بدستور کام کرتی ہے۔

بدھ کو جو بائیڈن نے 20 جنوری تک اپنی حلف برداری کے عرصے کے دوران عبوری عرصے کے لیے مقرر کیے گئے مشیروں سے ملاقات بھی کی۔

جو بائیڈن نے مختلف حکومتی اداروں کی نگرانی کے لیے کئی مشیروں کو مقرر کر رکھا ہے۔ بائیڈن نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ 26 نومبر کو سالانہ 'تھینکس گونگ' تعطیل سے قبل اہم حکومتی عہدوں پر تعیناتیاں کریں گے۔

نو منتخب صدر نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل سیکیورٹی پروگرام کیتھلین ہکس کو محکمۂ دفاع کے معاملات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

بائیڈن نے اُمورِ خارجہ کے معاملات کے لیے سابق نائب معاون وزیرِ خارجہ برائے افریقی اُمور لنڈا تھامس گرین فیلڈ کو اپنا مشیر مقرر کیا ہے۔

'کی بینک' کے ایگزیکٹو ڈون گرویز کو محکمۂ خزانہ جب کہ مارتھا گمبل کو اقتصادی مشیروں کی کونسل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں تاحال شکست تسلیم نہیں کی۔ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم مبینہ انتخابی بدعنوانیوں کے خلاف مختلف عدالتوں سے رُجوع کر رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ثبوت فراہم کیے بغیر یہ دعویٰ کر رکھا ہے کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر ووٹرز فراڈ اور دیگر انتخابی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

صدر ٹرمپ اب بھی پرامید ہیں کہ انتخابی نتائج کی درستگی کے بعد وہ اگلی چار سال کی مدت کے لیے وائٹ ہاؤس میں ہی رہیں گے۔

صدر ٹرمپ ویٹرنز ڈے پر واشنگٹن ڈی سی کے قریبی قبرستان میں منعقدہ تقریب میں شریک ہیں۔
صدر ٹرمپ ویٹرنز ڈے پر واشنگٹن ڈی سی کے قریبی قبرستان میں منعقدہ تقریب میں شریک ہیں۔

فی الحال صدر کی انتخابی مہم کی جانب سے انتخابی بد عنوانیوں کے خلاف دائر کی جانے والی کئی درخواستیں عدالتوں سے مسترد ہو رہی ہیں۔ تاہم اب بھی کئی درخواستیں زیرِ سماعت ہیں۔

نو منتخب امریکی صدر ڈیلاویئر میں ہی اپنی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کو بائیڈن نے 'ویٹرنز ڈے' کے موقع پر فلاڈیلفیا میں کورین وار میموریل کا دورہ کیا۔

ادھر صدر ٹرمپ واشنگٹن کے قریب ارلنگٹن قبرستان گئے۔ گزشتہ جمعرات کے بعد ٹرمپ کی کسی عوامی تقریب میں یہ پہلی شرکت تھی۔

XS
SM
MD
LG