رسائی کے لنکس

بن غازی ہلاکتوں کی ذمہ دار فوجی اثاثوں کی عدم موجودگی: رپورٹ


پینل کے سربراہ، کانگریس کے رُکن ٹرے گاؤڈی نے منگل کے روز کہا کہ صدر براک اوباما اور اُس وقت کے وزیر دفاع لیون پنیٹا کے احکامات کے باوجود، ’’بن غازی میں کبھی امریکی اثاثے تعینات نہیں کیے گئے‘‘

ری پبلیکن ارکان کی اکثریت والے امریکی کانگریس کے تفتیشی پینل نے بن غازی کے سفارتی علاقے میں اقدام کی ناکامی کا ذمہ دار ملک کی فوج کو قرار دیا ہے، جب کہ کمیٹی کے مطابق، سنہ 2012 میں ہونے والے اس دہشت گرد حملے سے بچا جا سکتا تھا، جس میں چار امریکی ہلاک ہوئے تھے۔

پینل کے سربراہ، کانگریس کے رُکن ٹرے گاؤڈی نے منگل کے روز کہا کہ صدر براک اوباما اور اُس وقت کے وزیر دفاع لیون پنیٹا کے احکامات کے باوجود، ’’بن غازی میں کبھی امریکی اثاثے تعینات نہیں کیے گئے‘‘۔
گاؤڈی نے دو سال بعد، حملےکے بارے میں 800 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس پر 70 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔ بقول اُن کے، ’’حملہ شروع ہونے کے تقریباً آٹھ گھنٹے بعد باقی دو امریکیوں کو ہلاک کیا گیا، جب کہ لیبیا کی جانب کوئی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی تھی‘‘۔

فوجی قائدین نے بارہا کہا ہے کہ اُن کے پاس انٹیلی جنس کی کوئی ایسی اطلاع نہیں تھی کہ لیبیا میں کیا ہو رہا ہے، جب کہ جوابی کارروائی کے لیے وسائل موجود نہیں تھے۔

رپورٹ میں اُس وقت کی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے اقدام کے بارے میں کوئی نئے الزامات سامنے نہیں لائے گئے، جو اب 2016ء کی ڈیموکریٹک پارٹی کی متوقع صدارتی امیدوار ہیں۔

تاہم، کمیٹی کے دو ریپبلیکن ارکان نے 11 ستمبر 2012ء کے حملے کے بارے میں کمیٹی کے مجموعی نتائج سے ہٹ کر الزام لگایا ہے کہ ایسے میں جب حملہ جاری تھا، کلنٹن نے امریکی عوام کو گمراہ کیا۔

کانگریس کے رُکن، جِم جورڈن نے کہا ہے کہ کلنٹن نے عام بیان دیا جس میں اُس وقت مشرق وسطیٰ میں گردش کرنے والی ایک وڈیو کا ذکر کیا گیا تھا، جس کے لیے اُن کا کہنا تھا کہ اِسی کے نتیجے میں حملے کی شہ ملی۔ تاہم، ایک گھنٹہ بعد اپنی بیٹی چیلسیا کو بھیجی گئی ایک اِی میل میں اُنھوں نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس میں سفیر کرسٹوفر اسٹیونز اور تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

جاری جھگڑالو قسم کی صدارتی انتخابی مہم کے دوران، چند امریکی ری پبلیکنز نے اپنی کاروں پر کچھ اس طرح کے ’بمپر اسٹکر‘ لگائے ہیں جن پر لکھا ہے: ’ہیلری لائیڈ، پیپل ڈائیڈ‘۔ تاہم، گاؤڈی نے جذبات کے ایسے اظہار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں کوئی ایسی ٹی شرٹ پہنے ہوئے نہیں ہوں، ناہی میری کاروں پر اس قسم کے بمپر اسٹکر چسپاں ہیں‘‘۔

کچھ ری پبلیکنز، جن میں ڈونالڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں، جو کلنٹن کے خلاف ری پبلیکنز کے متوقع امیدوار ہیں، کلنٹن پر الزام لگایا ہے کہ وہ سفارتی علاقے کی حفاظت کے لیے درکار سکیورٹی کی فراہمی میں ناکام رہیں۔ اس واقعے کے بارے میں کم از کم 10 تفتیشی رپورٹیں جاری ہوچکی ہیں، جب کہ گذشتہ اکتوبر مین کلنٹن نے عام سماعت کے دوران 11 گھنٹے تک سوالوں کے جواب دیے تھے۔

کلنٹن کی صدارتی انتخابی مہم نے کہا ہے کہ گاؤڈی کی تفتیش کے دوران ’’کوئی ایسی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس سے چھان بین کی پچھلی متعدد رپورٹوں کی نفی ہوتی ہو‘‘۔

XS
SM
MD
LG