رسائی کے لنکس

بیٹن روج میں فائرنگ سے تین پولیس اہلکار ہلاک، صدر اوباما کی مذمت


صدر نے صدارتی امیدواروں اور ان کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ایسے "لاپرواہ الزامات" سے گریز کریں جو کہ کشیدگی میں اضافے کا باعث بنیں۔

صدر براک اوباما نے لوزیانا میں فائرنگ سے تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے امریکیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تشدد کے حالیہ واقعات کے تناظر میں "متنازع بیان بازی" سے گریز کریں۔

لوزیانا کے شہر بیٹن روج میں اتوار کی صبح ایک سابق امریکی فوجی نے فائرنگ کر کے تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک اور دیگر تین کو زخمی کر دیا تھا۔

بیٹن روج میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد صدر اوباما کا بیان
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:26 0:00

حملہ آور کی شناخت بتاتے ہوئے فوجی حکام نے بتایا کہ وہ کینساس سٹی سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ گاون لونگ تھا جو امریکی میرین کور میں 2005ء سے 2010ء تک فرائض انجام دیتا رہا۔ وہ 2008 سے 2009ء کے دوران عراق میں بھی تعینات رہا۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے لونگ بھی مارا گیا۔

جائے وقوع پر قانون نافز کرنے والے اہلکار کھڑے ہیں
جائے وقوع پر قانون نافز کرنے والے اہلکار کھڑے ہیں

حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے جب کہ دیگر دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

صدر اوباما نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ایسے مہلک واقعات کثرت سے ہو رہے ہیں۔

اس تازہ واقعے سے قبل حالیہ دنوں میں ہی ڈیلس، ٹیکساس اور منیسوٹا میں بھی ایسے ہی واقعات پیش آچکے ہیں اور یہ سب ایک ایسے وقت ہوا ہے جب ریپبلکن اور ڈیموکریٹک کی صدارتی نامزدگی کے کنونشز ہونے جا رہے ہیں۔

صدر نے امیدواروں اور ان کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ایسے "لاپرواہ الزامات" سے گریز کریں جو کہ کشیدگی میں اضافے کا باعث بنیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تاحال بیٹن روج میں پیش آنے والے واقعے کو پولیس کو ہدف بنا کر قتل کرنے کا واقعہ قرار دینے کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس کے سپریٹنڈنٹ کرنل مائیک ایڈمونسن نے کہا کہ مختلف پہلووں پر تفتیش کی جا رہی ہے اور یہ خارج از امکان نہیں کہ حملہ آور کے ساتھی بھی ہوں جو کہ فرار ہو گئے ہوں۔

XS
SM
MD
LG