رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: امریکی بلاگراور پبلیشر کے قتل کے مجرم عدالت سے فرار


امریکی بلاگر اویجیت رائے کے قتل کے خلاف بنگلہ دیش میں احتجاج۔ فائل فوٹو
امریکی بلاگر اویجیت رائے کے قتل کے خلاف بنگلہ دیش میں احتجاج۔ فائل فوٹو

اسلامی بنیاد پرستی کے ناقد ایک امریکی بلاگر اویجیت رائےاور ان کے بنگلہ دیشی پبلشر کو قتل کرنے کے دو عسکریت پسند مجرم بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی ایک پرہجوم عدالت سے فرار ہو گئے ہیں۔

القاعدہ کے زیر اثر مقامی عسکریت پسند تنظیم انصار اللہ بنگلہ ٹیم یا’اے بی ٹی کے‘ مشتبہ ارکان نے پولیس افسران کی آنکھوں میں زہریلا کیمیکل چھڑک دیا اور مجرموں کو موٹرسائیکلوں پر سوار کرکے اس وقت بھگا دیا جب وہ انسداد دہشت گردی کے ایک ٹربیونل سے واپس جا رہے تھے۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کی جاسوسی برانچ کے سربراہ ہارون الرشید نے بتایا کہ بائیک پر سوارآنے والے افراد زہریلا مادہ چھڑکنے کے بعددونوں مجرموں کو ساتھ لے کر بھاگ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عسکریت پسندوں کو عدالت میں پیش کیا جاتا ہے تو عام طور پر سخت حفاظتی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ تاہم اتوار کا واقعہ غیر متوقع تھا۔ ہم نے یہ جاننے کے لیے ایک انکوائری قائم کی ہے کہ اس دن کہاں غلطی ہوئی ۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کرنے کے بعدتفتیشی افسران نے منگل کو اطلاع دی کہ’ اے بی ٹی‘ کے کم از کم دس ارکان نے اتوار کو اپنی کارروائی کے دوران آٹھ موٹر سائیکلوں کا استعمال کیا۔

پولیس اتھارٹی نے مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 20 لاکھ ٹکا کے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کی ڈپلومیٹک سیکیورٹی سروس نے اپنے انعامات برائے انصاف کے دفتر کے ذریعے رائے کے قتل میں ملوث کسی کی گرفتاری یا سزا کا باعث بننے والی معلومات کے لیے 50 لاکھ امریکی ڈالر تک کے انعام کا اعلان دسمبر 2021 میں کیا تھا ۔

XS
SM
MD
LG