رسائی کے لنکس

بلوچستان: پنجگور میں اینٹی نارکوٹکس فورس پر حملے میں دو اہلکار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کے قافلے پر حملے میں دو اہلکار ہلاک جب کہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ترجمان کے مطابق اے این ایف ٹیم پر جمعے کی شب اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ بڑی مقدار میں منشیات کی کھیپ برآمد کر کر کے آ رہے تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقے ماشکیل میں دہشت گردوں اور اسمگلرز نے ٹیم پر مشترکہ حملہ کیا۔

حکام کے مطابق اے این ایف اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان ساڑھے تین گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک جب کہ چھ زخمی ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں مردان کے رہائشی کانسٹیبل ڈرائیور عامر نواز اور لودھراں کے رہائشی کانسٹیبل محمد کامران شامل ہیں۔

اے این ایف کے مطابق اے این ایف ٹیم خفیہ اطلاع پر ماشکیل سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے واپس آ رہے تھی جب 50 سے 60 حملہ آوروں پر مشتمل گروہ نے مہراب لوگ ایریا کے قریب اے این ایف کی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کیا۔

دہشت گردوں اور اسمگلروں نے حملے میں چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا۔ حملہ آوروں نے راکٹ لانچر کے ذریعے دو گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ کر دیں۔

ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر اے این ایف کے جوانوں کی مدد کی جس پر حملہ آور فرار ہو گئے۔ مقابلے میں زخمی ہونے والے جوانوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایران کی سرحد سے متصل علاقے سے منشیات کی اسمگلنگ کے واقعات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG