رسائی کے لنکس

بابر اعظم: ''یہ شخص اور اس کی بیٹنگ، اُف تیری ہر ادا''


بابر اعظم پی ایس ایل فائیو کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔
بابر اعظم پی ایس ایل فائیو کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم نے اپنی کارکردگی کے تسلسل سے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قابلِ اعتماد بلے باز ہیں۔

منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل میں انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف نہ صرف ناقابلِ شکست اننگز کھیلی بلکہ وہ میچ اور ٹورنامنٹ کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

انہوں نے فائنل میچ میں ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 49 گیندوں پر 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

پی ایس ایل فائنل سے قبل بیشتر ماہرینِ کرکٹ یہی تبصرے کر رہے تھے کہ بابر اعظم کا فیکٹر ایونٹ کے فائنل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور منگل کو دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز نے ماہرین کی اس بات کو درست ثابت کر دکھایا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بابر اعظم کو روکا نہیں جا سکتا۔ وہ پی ایس ایل 2020 میں سب سے زیادہ رنز (473) بنانے والے بلے باز ہیں۔

بابر اعظم نے ٹورنامنٹ کے تین بڑے ایوارڈز اپنے نام کیے جن میں کوالیفائنگ مقابلوں میں بہترین کھلاڑی کے علاوہ ٹورنامنٹ اور پی ایس ایل فائنل کے بھی بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز شامل ہے۔

بابر اعظم کی زبردست کارکردگی کے بعد ان کے نام کا ہیش ٹیگ پاکستان میں ٹرینڈ کرتا رہا جس میں کرکٹ کے مداح اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

کرکٹ کے تجزیہ کار آکاش چوپڑا نے کراچی کنگز کو فائنل میں جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم میچ کے اختتام تک کریز پر اس لیے موجود تھے تا کہ یہ یقینی بنا لیا جائے کہ میچ میں مزید کوئی ٹوئسٹ نہ آئے۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز کولن انگرام نے کراچی کنگز کی جیت پر ٹیم اور فرنچائز اونر کو مبارک باد دی اور کہا کہ بابر اعظم ایک خاص کھلاڑی اور زبردست شخصیت کے مالک ہیں۔ اُن کے بقول یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ بابر اعظم نے ثابت کیا کہ وہ نمبر ون کھلاڑی کیوں ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے انڈین پریمیئر لیگ کے 2020 کی فاتح ٹیم ممبئی انڈین کے کپتان روہت شرما اور بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ان دونوں میں سے کون بہترین ہے۔

کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے وجے لوکاپالی کہتے ہیں بابر اعظم کا کسی کھلاڑی کے ساتھ مقابلہ کرنا ان کی کارکردگی اور صلاحیت کو کم کرنے کے مترادف ہو گا۔ اُن کے بقول جس طرح وسیم اکرم اور جاوید میانداد کا ایک مقام ہے اسی طرح بابر اعظم بھی ایک عظیم کھلاڑی بن رہے ہیں۔

ریحان دیدا نامی ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کرکٹ کی موجودہ جنریشن میں بابر اعظم کو کھیلتے دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے بابر اعظم کی تعریف کچھ اس انداز میں کی۔ "یہ شخص، اس کی کارکردگی اور بیٹنگ۔ اُف تیری ہر ادا۔"

خرم عزیز نامی ٹوئٹر صارف نے کراچی کنگز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ باس ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں بابر اعظم کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان مقرر کیا ہے۔

بابر اعظم اب تک 29 ٹیسٹ، 77 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں بالترتیب 2045، 3580 اور 1681 رنز بنائے ہیں۔

بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے اب تک تین ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں دو میچز میں کامیابی پاکستان ٹیم کے نام رہی جب کہ ایک میچ ڈرا ہوا۔

اسی طرح بابر اعظم اب تک 11 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ اُن کی قیادت میں پاکستان نے چھ میچز میں کامیابی، تین میں ناکامی اور دو میچز کا کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

XS
SM
MD
LG